سیاسی ڈائری، مریم نوازکا ایک مرتبہ پھر روایتی جارحانہ طرز تخاطب

January 20, 2021

اسلام آباد (محمد صالح ظافر خصوصی تجزیہ نگار)الیکشن کمیشن نے حزب اختلاف کے احتجاج کناں کارکنوں اور رہنماوں کے منتشر ہونے کا انتظارکئے بغیر منگل کی شام ان اعتراضات کو مسترد کر دیا جو پی ڈی ایم کی قیادت نے وفاقی دارالحکومت کی شاہراہ آئین پر اپنے مظاہرے میں اس کے خلاف عائد کئے تھے کہ اس نے سات سال سے زیر التواء تحریک انصاف کے خلاف مقدمے کا فیصلہ نہیں کیا جو اس کے ممنوعہ غیرملکی ذرائع سے رقوم حاصل کرنے پر مبنی ہے۔ کمیشن پر 2018ء کے عام انتخابات میں دھندلی کی اعانت کا بھی الزام عائد کیا گیا تھا۔

پاکستان مسلم لیگ (نون) کی رہنما مریم نوازشریف نے ایک مرتبہ پھر اپنے روایتی جارحانہ طرز تخاطب کو برقرار رکھتے ہوئے ایک بھارتی اور ایک اسرائیلی یہودی کا نام افشا کر دیا جنہوں نے عمران خان کی تحریک انصاف کو رقوم فراہم کی تھیں۔

بھارتی ہندو کا تعلق مودی کی بی جے پی سے ہے رات گئے تک مدعا علیہ کی طرف سے اس بارے میں کوئی وضاحت یا تردید جاری نہیں ہوئی تھی۔

اس احتجاجی مظاہرے میں اپنے متنازع بیانات کے لئے شہرت پانے والے پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے ملک میں غربت کا حوالہ دیتے ہوئے مفتیانِ کرام سے فتویٰ طلب کیا کہ ملک میں غربت و اَفلاس کے مارے اِنسان اگر غلّے کے سرکاری گوداموں کو لوٹ کر اپنے شکم کی آگ کو سرد کرنے کا اہتمام کریں تو انہیں حالات کی اَبتری کے باعث ایسا کرنے کی اجازت ہوگی۔