عمران یہ بتائیں اوپن سماعت کے لئے کب درخواست دے رہے ہیں؟ اے این پی

January 20, 2021

ترجمان عوامی نیشنل پارٹی زاہد خان کا کہنا ہے کہ عمران خان کی فارن فنڈنگ کیس کی سماعت اوپن کرنے کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

وزیراعظم کے بیان پر رد عمل میں اے این پی کے ترجمان زاہد خان نے کہا کہ عمران خان نے بیان تو دے دیا۔ لیکن یہ بتائیں کہ عملی طور پر اوپن سماعت کے لئے کب درخواست دے رہے ہیں؟

عمران خان صبح ہی اپنے وکیل کے ذریعے الیکشن کمیشن میں اوپن سماعت کی درخواست دیں۔

زاہد خان نے کہا کہ عمران خان کل ہی فنڈز سے متعلق تمام رسیدیں بھی پبلک کردیں، صرف بیانات سے فائدہ نہیں، عمران خان بیانات دے کر یوٹرن لے لیتے ہیں۔ فارن فنڈنگ سے متعلق اوپن سماعت ہو تو تمام حقائق سامنے آجائیں گے۔