ملک بھر میں نئی ہائیر ایجوکیشن اور انڈر گریجویٹ پالیسی متعارف

January 21, 2021

اسلام آباد( وقائع نگار ) چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر طارق بنوری نے کہا کہ ملک بھر میں نئی ہائیر ایجوکیشن پالیسی اور انڈر گریجویٹ پالیسی متعارف کروا دی گئی ہے، پی ایچ ڈی میں داخلے کے لیے ایم ایس اور ایم فل کی شرط ختم، بی ایس کے بعد براہ راست پی ایچ ڈی میں داخلہ لیا جا سکے گا۔ بدھ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شکایت کی تھی کہ ڈگری کی ویلیو میں اضافہ ہونا چاہیے۔ کافی لوگوں کو ڈگری حاصل کرنے کے بعد دقت کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایجوکیشن سسٹم اور انڈسٹری میں مس میچ ہے۔انڈر گریجویٹ ڈگری میں پریکٹیکل نالج کی کمی کی شکایت تھیں۔ انہوں نے کہا کہ پریکٹیکل کمپی ٹینسی کو ڈگری میں شامل کر دیا ہے ، انڈر گریجویٹ ڈگری کیلئے 9 ہفتوں کی انٹرن شپ لازمی قرار دیدی ہے ، انڈر گریجویٹ کیلئے ایکسٹرا کریکولر اور انٹرپنیورشپ شامل کیا ہے۔ چیئرمین ایچ ای سی نے کہا کہ ڈگری کیساتھ پریکٹیکل ورک کو لازمی قرار دیدیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بیچلر کی دو سال کی ڈگری کا نام تبدیل کر کے ایسوسی ایٹ ڈگری کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈگری کی ویلیو میں اضافہ کیلئے کریڈٹ بیس سسٹم کو لاگو کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر طارق بنوری نے کہا کہ ہائیر ایجوکیشن کی نئی پالیسی میں پی ایچ ڈی کے نظام کو بہتر بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل پروفیسرز نہ ہونے کے باوجود پی ایچ ڈی میں داخلے دئیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ نئی پالیسی میں پی ایچ ڈی میں 50 فیصد کورسز یونیورسٹی کے اندر ہوں گے اور ان میں ریگولر پروفیسرز کا ہونا لازمی ہو گا۔