وائلڈ لائف کی کا رروائی ،2شکا ری گر فتار،سینکڑوں پرند ے ضبط

January 21, 2021

پشاور(وقائع نگار)خیبر پختونخوا کے محکمہ جنگلی حیات نےپنجروں میں پرندے بیچنے کے غیر قانونی کاروبار پر پنجاب سے پشاور لائے جانے والے سینکڑوں پرندوں کو ضبط کرلیا ہے۔ اس موقع پر کے پی وائلڈ لائف اینڈ بائیوڈائیورزٹی ایکٹ 2015 کے تحت دو شکاریوں کو بھی گرفتار کیا گیا۔ محکمہ وائلڈ لائف کے اہلکاروں کی جانب سے یہ کارروائی پشاور میں پرندوں کی فروخت سے متعلق موصول شدہ شکایت پر چیف کنزرویٹر وائلڈ لائف کے پی ، ڈاکٹر محسن فاروق کی ہدایت کے مطابق کی گئی۔ ضبط شدہ پرندوں میں 700 سے زیادہ جنگلی مینا (ایکریڈو ٹریسٹس) اور 10 وائلڈ اسٹارلنگ شامل تھے، جبکہ(اسٹورنس والیگرس) کو لکڑی کے پانچ ڈبوں میں رکھا گیا تھا۔ سب ڈویژن وائلڈ لائف آفیسر (ایس ڈی ڈبلیو او) پشاور ، نوید احمد ، انچارج فیلڈ اسٹاف اور ویجیلنس انچارج ، عمران اللہ نے پشاور کے حاجی کیمپ اور لاہور اڈہ بس اسٹینڈ کے مختلف ممکنہ مقامات پر چھاپہ مارا۔ سرگودھاسے آنے والے دو مسافر کوچ اور رجسٹریشن نمبر (ایس سی ایس 951 پنجاب اور ایف ڈی ایس 7676 پنجاب) جسمیں لکڑی کے خانے بنائے گئے تھے جو پرندوں سے بھری تھے جنہیں موقع پر ہی ضبط کرلیا گیا۔ گرفتار شکاریوں کی شناخت امتیاز اور محمد عمران کے نام سے ہوئی ہے بعد میں پکڑے گئے پرندوں کو پشاور چڑیا گھر منتقل کردیا گیا اور محکمہ وائلڈ لائف کے عملے کی موجودگی میں کھلے آسمان میں چھوڑ دیا گیا۔