زین آفندی قتل کیس میں ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 4 روز کی توسیع

January 22, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت نے زین آفندی قتل کیس میں ملزمان گل محمد، عمران، فیضان اور رحمت اللہ کے جسمانی ریمانڈ میں 4 روز کی توسیع کردی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے پیش رفت رپورٹ بھی طلب کرلی ہے ۔ جمعرات کو جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں پولیس کی جانب سے ریمانڈ مکمل ہونے پر ملزمان گل محمد ، عمران اور رحمت اللہ کو پیش کیا گیا ۔ ان کے علاوہ پولیس کی جانب سے ملزمان کو سم کارڈ فراہم کرنے والے ملزم فیضان کو بھی عدالت میں پیش کیا گیا ۔ پولیس کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ زین آفندی قتل کیس میں عینی شاہد تین ملزمان کو شناخت کرچکا ہے ، حراست میں لئے گئے ملزمان سے تحقیقات کی جا رہی ہیں، زین آفندی کو 6 جنوری کی صبح مزار قائد کے قریب ان کے گھر میں قتل کر دیا گیا تھا ۔