امریکا کی قدیم ترین ڈکشنری ’میریم ویبسٹر‘ میں 1400 نئے الفاظ شامل کر لیے گئے۔
ادارے نے ایک بلاگ پوسٹ میں کہا ہے کہ نئے الفاظ اور معانی ایسے استعمال کی عکاسی کرتے ہیں جو وقت کے ساتھ بڑے پیمانے پر رائج ہو چکے ہیں اور یوں یہ آج کی دنیا کی ایک جھلک پیش کرتے ہیں۔
چینیوں کا پسندیدہ ساس چلی کرسپ اب انگریزی کا لفظ بن گیا۔
یک طرفہ محبت کرنے والے لوگ پیرا سوشل کہلائیں گے جبکہ جو داڑھی صرف گردن پر ہو گی اسے نیک بیئرڈ (Neck beard) کہا جائے گا۔
سردیوں سے پہلے محبوب کی تلاش کا موسم کفنگ سیزن (cuffing season) کہلائے گا۔
نئے شامل کیے جانے والے دیگر الفاظ کا تعلق کھانے پکانے اور غذاؤں سے ہے، جن میں ایسی غذائیں جو غذائی اجزاء سے بھرپور ہوں ان کے لیے سپر فوڈ (superfood)، ایشیاء میں مقبول ایک بھری ہوئی روٹی یا بن کے لیے باؤ (bao) اور کیک اور آئسنگ کو لالی پاپ کی طرح ڈنڈی پر لگا کر بنائے جانے والے میٹھے کے لیے کیک پاپ (cake pop) کے الفاظ شامل کیے گئے ہیں۔
شامل کی گئی کچھ اصطلاحات تو بہت سے لوگوں کے لیے پہلے ہی جانی پہچانی ہیں، جیسے ویک اے مول (whack-a-mole) اس سے مراد ایسی صورتِ حال ہے جس میں ایک موجودہ مسئلے کو حل کرنے کے فوراً بعد اسی نوعیت کا کوئی نیا مسئلہ سامنے آ جاتا ہے۔
شامل کیے گئے کچھ الفاظ نسبتاً کم معروف بھی ہیں، جیسے منڈیلا ایفیکٹ (Mandela effect) سے مراد ایسی کیفیت ہے جس میں بہت سے لوگ اجتماعی طور پر ایک ہی غلط یادداشت رکھتے ہوں۔
کچھ الفاظ خاص طور پر امریکی معاشرے سے متعلق ہیں، جیسے صفت کیلیفورنیا سوبر (California sober) کا مطلب ہے کہ کوئی شخص دیگر منشیات، مثلاً کوکین یا میتھ سے پرہیز کرتے ہوئے چرس اور الکحل استعمال کرتا ہو۔
توقع ہے کہ میریم ویبسٹر ڈکشنری آئندہ چند ماہ میں اپنا ’Word of the Year‘ یعنی سال کا لفظ بھی منتخب کر لے گی۔
یاد رہے کہ 2025ء میں سلوپ (slop) کو سال کا لفظ منتخب کیا گیا تھا، کیونکہ اس کے معنی میں یہ توسیع کی گئی تھی کہ اس سے مراد کم معیار کا ڈیجیٹل مواد بھی ہو سکتا ہے جو عموماً مصنوعی ذہانت کے ذریعے بڑی مقدار میں تیار کیا جاتا ہے۔