براڈ شیٹ اسکینڈل، حکومت چیئرمین نیب کو قائمہ کمیٹی میں بلانے کی مخالف

January 22, 2021

براڈ شیٹ اسکینڈل، حکومت چیئرمین نیب کو قائمہ کمیٹی میں بلانے کی مخالف

اسلام آباد ( طاہر خلیل )براڈشیٹ اسکینڈل کامعاملہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی اطلاعات میں پہنچ گیا ، نوک جھونک اور خوب گرما گرم بحث بھی ہوئی ، حکومت چیئرمین نیب کو قائمہ کمیٹی میں بلانے کی مخالف ہے، کمیٹی نے براڈشیٹ سکینڈل پر وضاحت کیلئے چیئرمین نیب کو کمیٹی میں طلب کرنے کا فیصلہ کیاتو شبلی فراز نے مداخلت کی اور کہاکہ چیئرمین نیب کو بلانے کافیصلہ مضحکہ خیز ہے،اپوزیشن ہر پلیٹ فارم کا غلط استعمال کرکے نیب کو دباؤ میں لانا چاہتی ہے،وزارت اطلاعات کمیٹی کا براڈشیٹ معاملے اور چیئرمین نیب سے کیا تعلق ہے؟ قائمہ کمیٹی اطلاعات کےچئیرمین میاں جاوید لطیف نے چیئرمین نیب کو آئندہ اجلاس میں طلب کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے رولنگ دی کہ چیئرمین نیب آئندہ اجلاس میں پیش ہوکر براڈ شیٹ کیس پر کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دیں ،بتائیں کہ براڈ شیٹ کو پیسہ کیوں اور کیسے دیا گیا؟پتہ چلے نیب کانام کیوں آرہاہے،ریاستی ادارے کی غلطی کےباعث عوام کے ٹیکس سے اربوں روپےکیوں ادا کئےگئے؟ اپوزیشن ارکان نے کہاکہ براڈشیٹ کامعاملہ اہم ہے ۔ وزیر اطلاعات شبلی فراز اور حکومتی رکن فرخ حبیب نے چیئرمین نیب کو طلب کر نے کی بھر پور مخالفت کی ، فرخ حبیب نے کہا کہ حکومتی تحقیقات کا انتظار کیا جائے ۔ارکان کمیٹی کا کہنا تھا کہ جس سے پاکستان کی دنیا بھر میں بدنامی ہوئی،سب کو براڈشیٹ کے معاملے پر تحفظات ہیں،اجلاس کےبعد شبلی فراز نے میڈیا سےگفتگو میں کہاکہ اپوزیشن کا صرف مقصد ہےکہ ہر پلیٹ فارم کا غلط استعمال کرکے نیب کو دبائو میں لائے، وزارت اطلاعات کمیٹی کا اس معاملے اور چیئرمین نیب سے کیا تعلق ہے۔