نوجوان، قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر کے گرویدہ ہو گئے

January 22, 2021

لاہور قلندرز کے جدید سہولتوں سے آراستہ قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر کے نوجوان گرویدہ ہو گئے، کہتے ہیں ایسی ٹریننگ کا کسی کلب لیول پر تصور بھی نہیں تھا۔

قلندرز ہائی پرفارمنس سنٹر میں کرکٹ کی سرگرمیوں کا آغاز ہو گیا ہے، نوجوانوں کو ٹریننگ کے لیے ایسی سہولتیں میسر ہیں جن کا انہوں نے کلب لیول پر تصور بھی نہیں کیا تھا ۔

سی ای او لاہور قلندرز عاطف رانا کا کہنا ہے کہ جو خواب لے کر چلے اس کی طرف یہ ایک اور قدم ہے،کوویڈ ایس او پیز کے ساتھ ہائی پرفارمنس سنٹر شروع کیا ، توقعات سے بڑھ کر رسپانس مل رہا ہے ، پہلے بولرز تیار کیے اب پاکستان ٹیم کو بیٹسمین بھی دیں گے۔

ڈائریکٹر لاہور قلندرز عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ 8 سال پہلے شروع ہونے والے اس پروگرام کا صرف ایک مقصد ہے کہ کھلاڑی کو قلندرز ہائی پرفارمنس سنٹر میں وہ کچھ دیا جائے جو اسے انٹر نیشنل لیول پر مل سکتا ہے۔

قلندرز ہائی پرفارمنس سنٹر کے پہلے سیشن میں 60 نوجوان شریک ہیں ، دوسرا سیشن مارچ کے آخر میں شروع ہو گا ۔