براڈ شیٹ کمیٹی: شیخ رشید نے اپوزیشن کا اعتراض مسترد کردیا

January 22, 2021

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے براڈ شیٹ کمیٹی کے سربراہ جسٹس عظمت سعید پر اپوزیشن کے اعتراض کو مسترد کردیا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ جسٹس عظمت سعید نے پاناما مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی والیم 10 پڑھ رکھی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئندہ چندہ ماہ میں براڈ شیٹ کے معاملے پر پاناما ٹو بن جائے گا، اپوزیشن کو یہ معاملہ گھیر ے میں لے گا۔

وزیر داخلہ نے دوران گفتگو سوال کیا کہ اپوزیشن بتائے براڈ شیٹ کمیٹی میں جسٹس عظمت سعید کو نہ لگائیں تو کیا ملک قیوم کو کمیٹی کا سربراہ بنائیں؟


اُن کا کہنا تھا کہ عظمت سعید نے پاناما جے آئی ٹی کی والیم 10 پڑھی ہوئی ہے، ن لیگ کی 85 ملین سے 100 ملین کی پراپرٹی براڈشیٹ میں آسکتی ہے۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ براڈشیٹ کا معاملہ پاناما 2، پاناما پلس ہوگا، مریم صاحبہ کو برطانوی فیصلہ پڑھ لینا چاہیے تھا۔

انہوں نے مولانا فضل الرحمٰن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ جو مرضی کرلیں، آپ کا دورِ اقتدار نہیں آئے گا، انشاء اللّٰہ عمران خان 5 سال پورے کرے گا۔

وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ کراچی میں پولیس اور رینجرز کو ایک دوسرے کی مکمل سپورٹ ہے، ملک دشمن طاقتیں پاکستان میں امن دیکھنا نہیں چاہتیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ امن کا سارا کریڈٹ پاک فوج اور دیگر سیکورٹی اداروں کو جاتا ہے، انہیں اس معاملے میں سیلوٹ کرتا ہوں۔

شیخ رشید نے کہا کہ فارن فنڈنگ اوپن کرنے کے لیے عمران خان نے بڑا قدم اٹھایا، حکمران جماعت نے اس معاملے میں 40 ہزار ڈونرز کے دستاویز فراہم کیے دیگر جماعتوں نے اس کیس میں شاید 4 ہزار افراد کے نام بھی نہیں دیے۔

انہوں نے اپوزیشن کی تحریک پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ اپوزیشن کے پاس کہنے کو کچھ نہیں، ایک ریلی رہ گئی، اس کا انتظار ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ اپوزیشن فضول میں وقت ضائع کررہی ہے، اصل مسئلہ براڈشیٹ ہے، حزب اختلاف کو یہ معاملہ گھیر ے میں لے گا۔

سانحہ مچھ جیسے دہشت گردی کے واقعات سے متعلق پوچھے گئے سوال پر اُن کا کہنا تھاکہ وزارت داخلہ عہدہ سنبھالے مجھے ابھی 1 ماہ ہی ہوا ہے، کم سے کم 3 ماہ تو ہونے دیں، پھر سوال کیجیے گا۔

شیخ رشید نے کہاکہ ہماری سیکیورٹی فورسز نے کئی دہشت گردی کے واقعات کو ہونے سے قبل روکا ہے، حکومت سندھ سے کہا ہے کہ کراچی میں کیمروں کی تنصیب کا کام تیز کریں۔

انہوں نے کہاکہ افغانستان اور ایران سے ملحق سرحد پر باڑ لگانے کا کام تیزی سے جاری ہے، کابل والی سائیڈ پر 90 فیصد اور تہران والی سائیڈ پر 50فیصد کام مکمل ہوچکا ہے، جو انشاءاللّٰہ رواں سال مکمل ہوجائے گا۔