شمالی بلوچستان میں سائبرین ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں اضافہ

January 23, 2021

کوئٹہ سمیت شمالی بلوچستان میں سائبرین ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، سرد ہواؤں کا اثر صوبے کے موسم پر اگلے تین دن تک رہے گا تاہم بارش کا امکان نہیں ہے۔ سردی بڑھتے ہی کوئٹہ کے بیشتر علاقوں میں سوئی گیس پریشر دم توڑ گیا۔

سائبرین ہواؤں کے باعث کوئٹہ، قلعہ عبداللّٰہ، چاغی، نوشکی، قلات مستونگ، پشین اور بولان میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

سرد گرد آلود ہواؤں کے باعث ان علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہا تاہم صوبے کے شمالی علاقوں میں سرد ہواؤں کا اثر اگلے تین دن تک رہے گا، لیکن ان علاقوں میں بارش کا امکان نہیں ہے۔

کوئٹہ میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی کوئٹہ میں سوئی گیس پریشر غائب ہوگیا۔

کوئٹہ کے علاقے بروری کے رئیسائی ٹاؤن، ہزارہ ٹاؤن، ارباب کرم خان روڈ، جان محمد روڈ، میکانگی روڈ، سریاب اور نواکلی سے گیس پریشر میں کمی کی شکایات ہیں۔

گیس پریشر نہ ہونے کی وجہ سے سردی میں ٹھٹھر کر رہ گئے اور کھانا پکانے میں بھی مشکلات ہیں۔