رواں سال مزید چیسٹ پین یونٹس اور سیٹلائٹ سینٹرز کھولے جائیں گے

January 24, 2021

کراچی (بابر علی اعوان /اسٹاف رپورٹر) قومی ادارہ برائے امراض قلب ہیلتھ کیئر نیٹ ورک نے گزشتہ سال 15 لاکھ سے زائد مریضوں کو صحت کی مفت سہولیات فراہم کیں ۔ ادارے سے حاصل کر دہ اعداد وشمار کے مطابق این آئی سی وی ڈی ہیلتھ کیئر نیٹ ورک کے دس اسپتالوں اور اٹھارہ چیسٹ پین یونٹس سے 15 لاکھ 70 ہزار 617 مریضوں نے استفادہ کیا۔ این آئی سی وی ڈی کے ایگزیگیٹیو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ندیم قمر کااس موقع پر کہنا تھا کہ انہوں نے 2015 میں جب چارج سنبھالا تو 6لاکھ 43ہزار مریض اسپتال آئےجن کی تعداد میں ہر گزرتے سال کے ساتھ اضافہ ہوا۔ رواں سال مذید چیسٹ پین یونٹس اور سیٹلائٹ سینٹرز کھولے جائیں گے تاکہ سندھ کا کوئی بھی باشندہ امراض قلب کی سہولیات کی عدم فراہمی سے جاں بحق نہ ہو۔ واضح رہے کہ لاڑکانہ، ٹنڈو محمد خان، حیدرآباد، سیہون، سکھر، نواب شاہ، مٹھی، خیر پور اور لیاری میں این آئی سی وی ڈی کے سیٹلائٹ سینٹر ز جبکہ گلشن چورنگی، ملیر ہالٹ، قیوم آباد چورنگی، ناگن چورنگی، آئی آئی چندریگر روڈ، لانڈھی نمبر3، کریم آباد، اورنگی نمبر 5، گزری، نیو کراچی، موسیٰ لین، قائدآباد، کنٹونمنٹ اسپتال صدر، کیماڑی، جیکب آباد، عمر کوٹ، گھوٹکی اورٹنڈو باگو میں چیسٹ پین یونٹس قائم ہیں۔