بین الصوبائی گینگ کے 22 کارندے گرفتار، پونے بارہ لاکھ برآمد

January 24, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر) پولیس سی آئی اے اور مقامی پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے سنگین جرائم میں ملوث 9 بین الصوبائی گینگ کے 22ملزمان گرفتار کر لیے۔گرفتار ملزمان، ڈکیتی، رابری، سرقہ مویشی، نقب زنی اور موٹر سائیکل چوری کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھے۔ گرفتار ملزمان سے ڈکیتی، رابری، موٹر سائیکل، اقدام قتل و دیگر 87 مقدمات ٹریس ہوئے۔گرفتار ملزمان کے قبضہ سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان جس میں نقدی 11 لاکھ 75ہزار روپے، 01کیری ڈبہ، 04موٹر سائیکل، 20موبائل، 01 جنریٹر، 02 گائے، 05 بکریاں برآمد کی گئیں جبکہ ملزمان کے قبضہ سے 01 رپیٹر، 09 پسٹل 30 بوربھی برآمد کیے گئے۔علاوہ ازیں 616 اشتہاری مجرمان کو گرفتار کیا گیا جن میں 36 اے کیٹگری 580بی کیٹیگری کے ہیں۔ اور315 عدالتی مفرور گرفتار کیے گئے جن میں 27 اے کیٹیگری اور 288بی کے ہیں کے علاوہ ملتان پولیس نے کل 456 رہائی یافتہ عادی مجرمان کو بھی گرفتار کیا۔برآمد ہونے والا مسروقہ سامان اصل مالکان کے حوالے کیا گیا جنہوں نےمال وصول کرنے پر انتہائی خوشی کا اظہار کیا اور دعائیں دیں۔ایس ایس پی انوسٹی گیشن کیپٹن (ر) محمد عامر خان نیازی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ضلع ملتان میں رابری اور دیگر جرائم کی روک تھام کے لیے بڑے پیمانے پر کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔گرفتار ملزمان کے خلاف بہتر منصوبہ بندی اختیار کرتے ہوئے سنگین جرائم میں ملوث ڈاکوؤں کو گرفتار کیا۔انہوں نے اپنی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور کہا پولیس کی ٹیمیں دن رات محنت کر رہی ہیں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔سی پی او ملتان محبوب رشید میاں نے سی آئی اے اور مقامی پولیس کی ضلع ملتان میں کارکردگی کو سراہا اور شاباش دی۔