پاکستان ون ڈے کپ: سندھ نے سیمی فائنل میں جگہ بنالی

January 25, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کپ ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ میں شان مسعود اور صہیب مقصود کی سنچریوں کے باوجود اسٹیٹ بنک گرائونڈ میں سندھ نے سدرن پنجاب کو پانچ وکٹوں سے ہراکر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ سندھ نے 349 رنز کا ہدف 46.5 اوورز میں پانچ وکٹ پر حاصل کرلیا۔ سعد علی 78 اور انور علی 69 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ دونوں کھلاڑیوں نے چھٹی وکٹ کے لیے 145 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی۔ دانش عزیز نے 65 اور اسد شفیق نے 62 رنز بنائے۔ اس سے قبل سدرن پنجاب نے 4 وکٹ پر 348 رنز بنائے۔ صہیب مقصود نے 79 گیندوں پر 10 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 130 اور شان مسعود نے 141 گیندوں پر 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 125 رنز بنائے۔ این بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں ناردرن نے بلوچستان کو 6 وکٹوں سے ہرادیا۔ ناردرن نے 250 رنز کا ہدف 46.4 اوورز میں 4 وکٹ پر حاصل کرلیا۔ روحیل نذیر نے پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 69 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا۔ یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں خیبر پختونخوا نے سنٹرل پنجاب کو 69 رنز سے شکست دے دی۔ خیبر پختونخوا نے نو وکٹ پر 328 رنز بنائے۔ فخر زمان نے 8 چوکوں اور 3 چھکوں کی بدولت 92 رنز کی اننگز کھیلی، سنٹرل پنجاب کی پوری ٹیم 259 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ افتخار احمد نے 4 اور آصف آفریدی نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ افتخار احمد کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔