ناقابلِ شکست فائٹر خبیب نورماگومیدوف فٹبال میں اپنا ڈیبیو کرنیوالے ہیں؟

January 25, 2021

مکسڈ مارشل آرٹس میں ناقابل شکست رہنے والے روس کے لائٹ ویٹ ورلڈ چیمپئن خبیب نورماگومیدوف اب فٹبال میں بھی اپنا ڈیبیو کرنے والے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق خبیب نورماگومیدوف نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی ایک مختصر ویڈیو شیئر کی جس میں وہ دوڑ لگاتے نظر آرہے ہیں۔


خبیب نورماگومیدوف نے انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں بتایا کہ ’وہ فٹبال کے کھیل میں اپنا ڈیبیو کرنے کے لیے تیاری کررہے ہیں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’وہ ایک ’’آزاد ایجنٹ‘‘ ہیں اور ’’پیش کش‘‘ قبول کرنے کے لیے تیار ہیں۔‘

واضح رہے کہ خبیب نے گزشتہ سال اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، خبیب نے اپنی آخری فائٹ میں امریکا کے جسٹن گیتھجے کو مات دی تھی۔

خبیب نے کیریئر میں 29 فائٹس لڑیں اور ہر مقابلہ جیتا، آخری میچ میں بھی ناقابلِ شکست رہنے کے بعد خبیب نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

روس سے تعلق رکھنے والے خبیب نے 2008ء میں مکسڈ مارشل آرٹس میں ڈیبیو کیا تھا، کیریئر کے آغاز سے ہی شکست خبیب کے پاس بھی نہ پھٹک سکی۔

خبیب کا 2018ء میں میک گریگر سے بھی سامنا ہوا تھا، یہ میچ بھی خبیب نے اپنے نام کیا تھا۔