کورونا وائرس کا شکار ہونے والے جوڑے نے قرنطینہ وارڈ میں شادی کرلی

January 26, 2021

برطانیہ میں شادی سے چند ماہ قبل کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے جوڑے نے طبیعت بگڑنے پر قرنطینہ وارڈ میں ہی شادی کرنے کا فیصلہ کیا جسے طبی عملے نے ممکن بنادیا۔

برطانیہ میں دو محبت کرنے والوں ایلزبتھ کیر اور سمن او بریئن کو رواں برس جون میں شادی کرنا تھی تاہم دونوں ہی کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے اور سانس لینے میں تکلیف کے باعث دونوں کو ایک ایمبولینس میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

دونوں کے پھیپھڑے بری طرح متاثر ہوئے تھے اور سانس لینے میں دشواری کے باعث انہیں مصنوعی طریقے سے آکسیجن دی جارہی تھی۔

اس دوران سمن او بریئن کی طبیعت مزید خراب ہوگئی جس پر انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم اس سے قبل جوڑے نے آخری خواہش کے طور پر شادی کرنے کا ارادہ ظاہر کیا جسے طبی عملے نے ممکن بنایا۔ ایک سادہ سی تقریب میں دونوں نے کیک کاٹا اور انگوٹھی پہنائی۔

اس موقع پر دونوں کے اہل خانہ بھی وارڈ کے باہر موجود تھے۔ شادی کی مختصر تقریب کے بعد سمن او بریئن کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل کیا گیا بعد ازاں وینٹی لیٹر پر منتقل کرنا پڑا۔

اہل خانہ اور طبی عملہ نوبیاہتا جوڑے کی صحتیابی کے لیے دعاگو ہے۔