قوم حکومت کے ساتھ، پی ڈی ایم غبارہ پھٹ چکا، ندیم قریشی

January 27, 2021

ملتان(سٹاف رپورٹر) صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت محمد ندیم قریشی نے کہا کہ پی ڈی ایم کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے اور یہ لوگ اب راہ فرار اختیار کر رہے ہیں، بلاول بھٹو نے تحریک عدم اعتماد کی بات کرکے مولانا فضل الرحمن کی سربراہی میں بننے والی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے، قوم کی تمام تر ہمدردیاں موجودہ حکومت کے ساتھ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے موجودہ ملکی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) و پیپلز پارٹی سمیت پی ڈی ایم تحریک میں شامل سیاسی جماعتیں اپنی کرپشن کو چھپانے اور عوامی ہمدردیاں حاصل کرنے کے ساتھ ملک دشمن ایجنڈے پر کار فرما ہیں انہیں کسی صورت بھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گی۔ محمد ندیم قریشی نے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں تک اقتدار کے مزے لوٹنے والے روایتی و موروثی سیاستدان اگر یہ سمجھتے ہیں کہ وہ اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے حکومت پر دباؤ بڑھا پائیں گے تو یہ ان کی خام خیالی ہے۔