سائرہ پیٹر کے نئے گانے کی پہلی جھلک جاری

February 06, 2021


پاکستانی نژاد برطانوی اوپیرا سنگر سائرہ پیٹر نے اپنے نئے گانے ’یہ زندگی کبھی ہار نہ مانے‘ کی ایک جھلک جاری کردی۔

گانے کی ایک جھلک نے نئی نسل کی توجہ حاصل کرلی ہے، ’یہ زندگی کبھی ہار نہ مانے‘ کو سوشل میڈیا پر بے حد پزیرائی مل رہی ہے اس گانے کا میوزک بین الاقوامی شہرت یافتہ موسیقار توفیق قریشی نے دیا ہے جو پاک و ہند کی کئی فلموں کا میوزک دے چکے ہیں۔

گانے کی ویڈیو میں عالمی شہرت یافتہ ڈانسرز نے حصہ لیا ہے، جسے نئی نسل بہت پسند کررہی ہے۔

اوپیرا اسٹار سائرہ پیٹر نے اپنے نئے گانے کے بارے میں لندن سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ زندگی کبھی ہار نہ مانے‘ میں ایک خاص پیغام دیا گیا ہے کہ نوجوان زندگی سے بھرپور پیار کریں۔

انہوں نے کہا کہ زندگی ایک بار ملتی ہے، ہمیں اس کی قدر کرنا چاہیے اور زندگی میں امید کا دامن تھام کر آگے بڑھنا چاہیے۔

سائرہ پیٹر کے مطابق گانے کی پہلی جھلک کو شاندار رسپانس مل رہا ہے امید ہے مکمل گانا بھی سب کو پسند آئے گا۔