مراد علی شاہ کہتے ہیں مجھے جیل میں ڈالا جائے، حلیم عادل

February 07, 2021


پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کا وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے متعلق کہنا ہے کہ مراد علی شاہ نے ہدایت دے رکھی ہے کہ حلیم عادل شیخ کوجیل میں ڈالا جائے، ملیر میں اُن کی قانونی زمین پر غیرقانونی اقدام کیا گیا۔

حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ مراد علی شاہ کا والد عبداللّٰہ شاہ غیر قانونی تعمیرات کا بانی ہے، مراد علی شاہ وائٹ کالر کرمنل ہے، مراد علی شاہ بھی بھاگ جائے گا، جب میں مراد علی شاہ کی کابینہ میں تھا تب یہ سب بھولے ہوئے تھے۔

حلیم عادل شیخ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مراد علی شاہ کا رشتہ دار کروڑوں کی کرپشن کرتا ہے اور کینیڈا بھاگ جاتا ہے، مراد علی شاہ کے بہنوئی کے بہنوئی کو نوازا جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے آج تک ضمانت نہیں کرائی، کل یہ چوروں کی طرح آئے، وزیر اعلی سندھ نے خود کل کی کارروائی کی نگرانی کی، وزیر اعلیٰ سندھ ٹیلی فون پر نگرانی کرتے رہے، یہ ہمیں تنگ کرنے کے لئے کر رہے ہیں، پی ایس 88 کے ضمنی انتخابات کو متاثر کرنے کے لیے کیا گیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ مراد علی شاہ کے کہنے پر کل چوری کی گئی، زیور، فرنیچر اور سامان چوری کیا گیا، ہم نے تھانے میں مراد علی شاہ کے خلاف درخواست دی، میری درخواست کے بعد مجھ پر ایف آئی آر درج کی گئی۔

حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ عدالت نےچیف سیکریٹری سمیت سب کو توہین عدالت کے نوٹس جاری کیے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تم کیا کارروائی کرو گے تم خود کرپشن میں ڈوبے ہوئے ہو، جن اسکولوں میں بچے پڑھنے چاہیے تھے وہاں باڑے بن گئے ہیں، 60 لاکھ بچہ اسکول سے باہر ہے، ان کو حلیم عادل شیخ سے تکلیف ہے۔

حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ میں اور میرے اہل خانہ ہر تحقیقات کے لیے تیار ہیں۔