عمران خان نے مسئلہ کشمیر کو بھی متنازع بنادیا، شاہد خاقان

February 08, 2021

کہوٹہ(نمائندہ جنگ) سابق وزیر اعظم شاہد خاقا ن عباسی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ہر محاذ پر نا کام ہو چکی ہے عوام کو دھوکہ دینے اور جھوٹ بولنے سے بات نہیں بنتی اور غیر متنازعہ مسئلہ کشمیر کو بھی عمران خان نے آج متنازعہ بنا دیا ہے۔ عوام کو دھوکہ دینے اور جھوٹ بولنے سے بات نہیں بنتی۔ کہوٹہ کی سڑکیں کھنڈرات جبکہ سہالہ تا کہوٹہ موٹر وے کا منصوبہ ہمارے دور حکومت میں نہ صرف منظور ہوا بلکہ اس میگا پراجیکٹ کے فنڈز جاری کر کے ٹھیکیدار نے کام شروع کرایا مگر افسوس موجودہ نا اہل حکمرانوں نے اسے کینسل کر دیا۔ ریپئرنگ فنڈز کو سیاسی رشوت کے طور پرا ستعمال کیا جا رہا ہے۔اڑھائی سال سے صرف باتیں اور جھوٹ ہی قوم کو ملا۔ تنظیم سازی میں مشاورت سے کام کرنے والے نوجوان آگے آئیں گے۔ ان خیالات کا اظہار شاہد خاقان عباسی نے مرکزی رہنما مسلم لیگ (ن) حافظ عثمان عباسی کے ہمراہ سیاسی وسماجی شخصیت راجہ اسد آزاد، راجہ خالد آزاد کے بھائی اور راجہ خاور کے والد راجہ ساجد، راجہ وجاہت کے والد،راجہ سکندر کے بھائی راجہ ظہوراختر کی وفات پر ان کے گھروں میں کہوٹہ شہر جاکر تعزیت اور فاتحہ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔