کراچی کی فضا آج مضر صحت ہے

February 11, 2021

ایئرکوالٹی انڈیکس کا کہنا ہے کہ آج کراچی کی فضا مضر صحت ہے، کراچی کی فضا میں آلودہ ذرات کی مقدار 159 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔

ایئرکوالٹی انڈیکس کے مطابق لاہور دنیا بھر میں آلودگی کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر ہے، لاہور کی فضا میں آلودہ ذرات کی مقدار 278 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔

آلودگی کے لحاظ سے دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں بھارتی شہر دہلی پہلے، لاہور دوسرے اور بنگلادیش کا ڈھاکا تیسرے نمبر پر ہے۔

ایئرکوالٹی انڈیکس کا کہنا ہے کہ درجہ بندی کے مطابق 151 سے200 درجے تک آلودگی مضر صحت ہے اور 201 سے 300 درجے تک آلودگی انتہائی مضر صحت ہوتی ہے۔

ایئرکوالٹی انڈیکس کے مطابق 301 سے زائد درجہ خطرناک آلودگی کو ظاہر کرتا ہے۔ آلودہ فضا سے شہریوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے۔

اس حوالے سے ماہرین صحت نے ایک پیغام جاری کیا ہے، جس میں اُن کا کہنا ہے کہ کراچی کے شہری ماسک کا استعمال کریں اور گھروں کی کھڑکیاں دروازے بند رکھیں۔