ملالہ کے والد اسکیچ بنانے والے نوجوان کے معترف

February 17, 2021

نوبل انعام یافتہ کم عمر پاکستانی ملالہ یوسفزئی کے والد ضیاالدین یوسفزئی نے بیٹی کا اسکیچ بنانے والے نوجوان کی تعریف کردی۔

سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر ملالہ کے والد نے نوجوان کی ملالہ کا اسکیچ تھامے ایک تصویر شیئر کی۔

تصویر کے ساتھ انہوں نے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’12 سالہ شاہ خان مردان سے تعلق رکھتا ہے اور اس باصلاحیت نوجوان 100 سے زائد اسکیچز بنا چکا ہے۔‘

خیال رہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز مردان سے تعلق رکھنے والے نوجوان آرٹسٹ شاہ خان کی مداح ہوگئیں تھیں، اسکیچ وصول کرنے اور شکریہ ادا کرنے کیلئے نمبر مانگ لیا تھا۔

شاہ خان اب تک بہت سی مشہور شخصیات کا اسکیچ بنا چکے ہیں جس میں ویسٹ انڈین کرکٹر ڈیرن سیمی، وزیراعظم عمران خان اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری بھی شامل ہیں۔

شاہ خان نے مشہور ترک ڈرامہ سیریل ’ارطغرل غازی‘ کے اداکار دوان الپ کا اسکیچ بنایا اور ان سے ملاقات کے دوران انہیں پیش کیا جس پر وہ بہت خوش ہوئے اور انہوں نے اپنا سائن کیا ہوا چائے کا کپ شاہ خان کو بطور تحفہ دیا تھا۔