زارا نعیم امپائر علیم ڈار کی بھتیجی نکلیں

February 19, 2021

ایسوسی ایشن آف چارٹرڈ سرٹیفائیڈ اکاؤنٹنٹس (اے سی سی اے) کے فنانشل رپورٹنگ کے امتحان میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی پاکستانی طالبہ زارا نعیم عالمی شہرت یافتہ امپائر علیم ڈار کی بھتیجی ہیں۔

علیم ڈار نے مختصر ویڈیو پیغام میں کہا کہ زارا ان کی بھتیجی ہیں، اس انکشاف نے سب کو ہی چونکا دیا۔


زارا نعیم نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر علیم ڈار کی ایک مختصر ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے بتایا کہ میری بھتیجی نے عالمی دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا۔

علیم ڈار نے اپنی ویڈیو میں کہا کہ اپنے ملک کیلئے ریکارڈ بنانا کسی کیلئے بھی بڑے اعزاز کی بات ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’اللہ نے مجھے بڑی عزت سے نوازا ہے اور امپائرنگ کے شعبے میں ملک کا نام روشن کر رہا ہوں۔‘

علیم ڈار نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ مجھے بڑی خوشی ہے کہ میری بھتیجی نے دنیا بھر میں اے سی سی اے کے امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کرنے والی زارا نعیم کو اس کامیابی پر خوب سراہا جارہا ہے۔

دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے والی زارا نعیم آج کل خبروں کی زینت بنی ہوئی ہیں۔ انہوں نے ناصرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں اے سی سی اے جیسے مشکل امتحان میں ٹاپ کر کے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔