• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آپ سب کے پیغامات نے میرے دن شاندار بنادیے: زارا نعیم

ایسوسی ایشن آف چارٹرڈ سرٹیفائیڈ اکاؤنٹنٹس (اے سی سی اے) کے فنانشل رپورٹنگ کے امتحان میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی پاکستانی طالبہ زارا نعیم کو اُن کی اس کامیابی پر خوب سراہا جارہا ہے۔

وفاقی وزراء ہوں یا میڈیا چینلز یا سوشل میڈیا ہر طرف زارا نعیم کے چرچے ہیں، پاکستان کے ٹوئٹر ٹرینڈ پینل پر بھی ’زارا نعیم‘ ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہے۔

دنیا میں سب سے زیادہ نمبر لے کر منفرد اعزاز اپنے نام کرنے والی زارا نعیم کو  سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر زبردست خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے۔

179 ملکوں کے لاکھوں طلبہ میں سے ایک صوبہ پنجاب کے شہر لاہور کی زارا نعیم نے اے سی سی اے کے اس ساتویں امتحان میں ’سب سے زیادہ نمبر‘ حاصل کیے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما، وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے بھی طالبہ زارا نعیم ڈار کی کاوش کو سراہا ہے۔

انہوں نے ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ زارا نعیم نے اے سی سی اے کے امتحان میں اول نمبر حاصل کیے ہیں جس پر قوم کو فخر ہے۔

دوسری جانب سینیٹر فیصل جاوید نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ زارا نعیم کو پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

اکاؤنٹنگ کے امتحان کو دنیا میں انتہائی مشکل تسلیم کیا جاتا ہے کیونکہ اس میں بہت زیادہ محنت اور عرق ریزی درکار ہوتی ہے۔

یہی وجہ ہے کہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر زارا نعیم ڈار کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔


ان تمام پیغامات، نیک خواہشات پر ردعمل دیتے ہوئے زارا نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے کہا کہ ان تمام پیغامات نے میرے دن شاندار بنادیے ہیں۔


زارا نے یہ بھی لکھا کہ ’میری اس کامیابی پر خوش ہونے والوں کا شکریہ اور نفرت پھیلانے والوں کی بھی مشکور ہوں کہ جس سے مجھے یہ احساس ہوتا ہے کہ میں آپ جیسی نہیں ہوں۔‘

تازہ ترین