’تمباکو فری‘ سگریٹ کا متبادل نکوٹین پاوچز کی فروخت شروع

February 22, 2021

سوشل میڈیا پر سگریٹ کی جگہ نوجوانوں میں’Nicotine Pouches‘ نامی ٹرینڈ مقبول ہورہا ہے۔ ٹوبیکو کمپنیوں نے نوجوانوں کو ’تمباکو فری‘ کے نام پر سگریٹ کے متبادل نکوٹین پاوچز بیچنا شروع کردئیے ہیں۔

برطانوی ٹوبیکو کمپنی نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں سوشل میڈیا پر فیشن سے آراستہ جدید تشہیری مہم کا آغاز کیا ہے جس میں نوجوانوں کو ’تمباکو فری‘ کے نام پر نکوٹین پاوچز کی جانب راغب کیا جارہا ہےجس میں پاکستانی ٹک ٹاکرز کو شامل کیا گیا ہےجس میں پراڈکٹ استعمال کرنے والے نوجوانوں کو خوبرو، پُرکشش اور فیشن ایبل اور کامیاب دکھایا گیا ہے۔

پاکستان میں ’Open the Can‘ کے سلوگن سے فیس بک اور انسٹاگرام پر تشہیری مہم میں 40 انفلیونسرز کو استعمال کیا گیا ہے۔ جسے 13ملین سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں۔

ایک جانب کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ مصنوعات صرف بالغ افراد کے لیے ہیں۔ جن کا مقصد پہلے سے سگریٹ نوشی کرنے والے افراد کو سگریٹ نوشی چھوڑنے اور کم مُضر صحت آپشن کی جانب راغب کرنا ہے۔ انہیں سگریٹ کے مقابلے میں پھیپھڑوں کے لیے کم مضر صحت تصور کیا جاتا ہے۔

لیکن دوسری جانب انسانی حقوق تنظیموں نے ان کے دیگر مضر صحت اثرات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ برطانیہ کے بیورو آف انوسٹی گیٹیو جرنلزم کی رپورٹ کے مطابق بچوں سمیت جو لوگ سگریٹ نوشی نہیں کرتے وہ بھی اس سے متاثر ہورہے ہیں۔

برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایک سترہ سالہ انفلیونسر نے بتایا کہ انہیں یہ پاوچز استعمال کرنے کے لیے مفت دئیے گئے تو ان سے شناختی کارڈ تک نہیں مانگا گیا۔

سگریٹ نوشی ایک ایسا شوق ہے جس سے سالانہ آٹھ ملین افراد موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔ ایک جانب ٹی وی پر نکوٹین کی مصنوعات کی تشہیر پر پابندی ہے لیکن سوشل میڈیا پر بڑی خاموشی سے تشہیر جاری ہے جو ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔