خاتون کے الیکشن جیتنے پر حکومت نے جو کیا وہ آپکے سامنے ہے، شاہد خاقان عباسی

February 22, 2021

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ نوشین افتخار نے الیکشن لڑا اور مسلم لیگ ن کامیاب ہوئی، خاتون نے الیکشن جیتا تو پھر جو حکومت نے کیا وہ آپ کے سامنے ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے ڈسکہ میں ہونے والے الیکشن سے متعلق میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہہم آج بھی وہی کام کر رہے ہیں جو 1948 میں کرتے تھے، کسی کو حق نہیں کہ الیکشن پر ڈاکا ڈالے، ڈسکہ میں ڈاکا ڈالا گیا، وہاں سازش بے نقاب ہوئی ہے، ملوث افراد کے نام ایک دن سامنے آئیں گے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن خود کہہ رہا ہے الیکشن میں دھاندلی ہوئی، ہمارے پاس فارم 45 موجود ہیں جو پریذائیڈنگ افسران نے اغوا سے پہلے جاری کیے، بیس پریزائیڈنگ افسر اغوا ہوئے، وہ ایک ساتھ واپس آئے، مجرموں کو عوام کے سامنے بے نقاب کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت نے اپنا پورا زور لگایا، ڈسکہ الیکشن کا اعلان رُکا ہوا ہے، توقع کہ الیکشن کمیشن تحقیقات کرے گا، ڈسکہ کیس کی سماعت لائیو کی جائے،توقع ہے الیکشن کمیشن سماعت کرے گا تاکہ حقائق عوام کے سامنے آئیں، اس کیس کی سماعت لائیو ہو اور عوام دیکھ سکیں کہ ڈسکہ میں کیا ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہہم اس سوچ کو بے نقاب کرنا چاہتے ہیں جنہوں نے الیکشن کی نفی کی، یہ اخلاقی جمہوری اقدار کی نفی ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ صوبے کا چیف سیکریٹری، آئی جی، کمشنر، ڈی سی، پولیس افسران آج بھی لاپتہ ہیں، جن کے ذمہ تھا دھاندلی نہیں ہونے دینی وہ خود منہ چھپا رہے ہیں۔