داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی کی سینڈیکیٹ کا اجلاس، ریسرچ گرانٹ منظور

February 23, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر) داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی سینڈیکیٹ کا 9واں اجلاس وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی کی زیرصدارت منعقد ہواجس میں جامعہ کے اسٹیچوز 2021کے مسودے پر غوروخوض کے بعد انہیں منظوری کیلئے جامعہ داؤد کی سینیٹ کو تجویز کردیا گیا۔ اجلاس میں سینیٹر تاج حیدر، وائس چانسلر این ای ڈی ڈاکٹر سروش حشمت لودھی ، پروفیسر بھوانی شنکر چوہدری ، ڈاکٹر اے بی سومرو، مختار احمد شیخ ، مفتی ہزاروی ، بیگم نصرت سلطانہ ، فقیر محمد لاکھو ، مدثر خان ، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالوحید بھٹو، ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ ڈاکٹر ذیشان علی میمن اور رجسٹرار ڈاکٹر آصف علی شاہ نے شرکت کی۔ سینڈیکیٹ نے وائس چانسلر ریسرچ پروگرام کے تحت جامعہ داؤد کے فیکلٹی ارکان کو ریسرچ گرانٹ کی منظوری دیدی جس کے تحت فیکلٹی ارکان کے تحقیقی پروجیکٹ کیلئے 10 لاکھ روپے تک کی فنڈنگ جامعہ کی جانب سے کی جائے گی۔ ریسرچ گرانٹ کی پالیسی ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ایلیٹ ریسرچ گرانٹ کے پرفارما کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار اور اختیار کی گئی ہے۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے کہا کہ داؤد یونیورسٹی میں مجموعی استحکام کے بعد قواعد و ضوابط کی تشکیل اور تحقیقی سرگرمیوں پر خاص توجہ رہے گی، پہلی بار داؤد یونیورسٹی کے اسٹیچوز 2021 تیار کرکے انہیں منظوری کیلئے سینیٹ کے سامنے رکھا جائے گا، ریسرچ فنڈنگ کے ذریعے تحقیقی کاوشوں کا فروغ دیں گے۔ علاوہ ازیں سینڈیکیٹ نےہائر ایجوکیشن کمیشن کی 2پالیسیوں کے نفاذ کی بھی منظوری دی جن میں اعلیٰ تعلیمی اداروں میں جنسی ہراسانی کیخلاف تحفظ کی پالیسی برائے 2020ء اور بزنس انکیوبیشن کینٹرز کی نظر ثانی شدہ پالیسی شامل ہیں ۔ اجلاس میں چار سالہ بی ایس پروگرام اور پی ایچ ڈی پروگرامز کے ریگولیشنز اور ریسرچ ایتھکس پالیسی کی بھی منظوری دی گئی۔