گورنر سندھ کو آئی جی اور پولیس کو دھمکیاں دینا زیب نہیں دیتا، مرتضیٰ وہاب

February 23, 2021


کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ اور ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ گورنر کے منصب پر فائز شخص کو آئی جی اور پولیس کو دھمکی دینا زیب نہیں دیتا، وفاقی حکومت کے نمائندے ڈرامہ کرنا چھوڑیں اور پولیس کو اپنا کام کرنے دیں جب چالان جمع ہوگا اس کا فیصلہ عدالت کرے گی لہٰذا عدالتی معاملات میں دخل اندازی نہ کریں ۔پیر کو سندھ اسمبلی بلڈنگ کے کمیٹی روم میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے دو نہیں ایک پاکستان کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ ایسا پاکستان جہاں سب برابر ہوں گے، کیا ریاست کو ایسے شخص کے سامنے خاموش ہوجانا چاہیے جو قانون ہاتھ میں لے، کیا اسلحہ برادر لوگوں اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف پولیس کو خاموش ہوجانا چاہئے تھا؟ الیکشن کے عمل میں دخل اندازی عام آدمی کے لئے جرم ہے تو کیا پی ٹی آئی والوں کے لئے یہ قانون نہیں ؟ اگر ایک پاکستان کی بات ہوتی ہے تو پھر قانون کا اطلاق تو ہوگا۔