کےایم سی افسران کے زیراستعمال سروس وہیکلز کی موجودگی کی تصدیق

February 24, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر )ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے ہدایت کی ہے کہ تصدیقی عمل کے دوران جو گاڑیاں پیش نہ ہوں یا جو جنریٹرز زیر استعمال نہیں ان کے فیول کی فراہمی بند کردی جائے، گاڑیاں غائب ہونے کی صورت میں متعلقہ افسران کے خلاف ایف آئی آر درج کراکر انہیں بازیاب کرایا جائے گا، بلدیہ عظمیٰ کراچی کی گاڑیوں اور فیول استعمال کرنے والی مشینری کی مکمل فہرست مرتب کی جائے،یہ بات انہوں نے کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس میں گاڑیوں کی فزیکل ویری فکیشن کے لئے قائم کئے گئے کیمپ کے دورے کے موقع پر کہی، اس موقع پر وہیکل ویری فکیشن کمیٹی کے چیئرمین انیس قائم خانی، سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن خالد خان، ڈائریکٹر وہیکل محمود بیگ، ڈائریکٹر سٹی وارڈن راجا رستم اور دیگر افسران بھی موجود تھے، ایڈمنسٹر یٹر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی گاڑیوں کی ویری فکیشن کے لئے مختلف محکموں کے افسران پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو روزانہ کی بنیاد پر ویری فکیشن کر رہی ہے اور یہ عمل 30 مارچ تک جاری رہے جس کے دوران افسران کے زیر استعمال گاڑیوں کے علاوہ کے ایم سی کی سروس وہیکلز کی موجودگی کی تصدیق بھی کی جا رہی ہے، ایڈمنسٹریٹر لئیق احمد نے اس موقع پر خود اپنے زیر استعمال سرکاری گاڑی بھی ویری فکیشن کے لئے پیش کی، انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد سرکاری گاڑیوں اور ان کے فیول کے معاملے میں کسی بھی بے قاعدگی یا غلط استعمال کو روکنا اور سرکاری فیول کی فراہمی کو درست بنانا ہے،اانہوں نے کہا کہ کے ایم سی کے دفاتر اور طبی اداروں میں موجود جن جنریٹرز کو استعمال نہیں کیا جا رہا انہیں بھی مزید فیول فراہم نہیں کیا جاسکتا،انہوں نے ہدایت کی کہ وہیکل ڈپارٹمنٹ مستقل بنیادوں پر گاڑیوں اور فیول پر چلنے والی مشینری کے استعمال پر نظر رکھے اور ایسی حکمت عملی بنائی جائے جس سے سرکاری گاڑیوں کی مینٹی ننس اور فیول کی فراہمی قواعد و ضوابط کے تحت لائی جاسکے۔