NA75،دھاندلی کرنیوالوں کوعوام نے خود ایکسپوز کردیا، رانا ثناء ﷲ

February 24, 2021


کراچی (ٹی وی رپورٹ )جیو کے مارننگ شو ’’جیو پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما رانا ثناء ﷲ نے کہاہےکہ دھاندلی کرنے والوں کو عوام نے ایکسپوز کردیا،تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے کہا کہ اگر الیکشن کمیشن ری پولنگ کا حکم دیتا ہے ہم اس کے لئے بھی تیار ہیں،ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبزوار نے کہا کہ مطالبات نہیں مانے گئے تو ایم کیو ایم یقیناًعوام کے پاس جائے گی،ڈسکہ این اے 75میں ضمنی انتخابات پر بات کرتے ہوئے رہنما ن لیگ رانا ثناء ﷲ نے کہا کہ انتخابی عمل کے دوران کے تمام حالات عوا م کے سامنے ہیں ، پولنگ اسٹیشنز کے دروازے بند کر دیئے گئے ، خوف و ہراس پھیلایا گیا ، عوام کس طرح گیٹ پھلانگ کر گئے لیکن عوام کو ان کا بنیادی حق نہیں دیا گیا ، بہتر ہوگا کہ حلقے میں دوبارہ سے پولنگ کرائی جائے اس سے پہلے ہنگامہ آرائی اور فائرنگ کرنے والے افراد کو گرفتار بھی کیا جائے ، ن لیگ نے الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا جس کے بعد نوٹس لیا گیا ، دھاندلی کرنے والوں کو عوام نے خود ایکسپوز کردیا ہے ۔رہنما پی ٹی آئی عثمان ڈار نے کہا کہ 360پولنگ اسٹیشنز کا رزلٹ آچکا ہے ، آر او کو اپنا کام کرنا چاہیے رزلٹ اناؤنس کریں ، الیکشن کمیشن ہمارے امیدوار کی جیت کا نوٹیفکیشن روک سکتا ہے ، شاہد خاقان عباسی کا بیان سب کے سامنے ہیں کہ یہ انتخاب نہیں جنگ ہے ، 2018میں 40 ہزار ووٹوں سے ہرانے والا حلقہ پی ٹی آئی کی بڑی فتح ہے 20 پولنگ اسٹیشنز نکال دینے کے باوجود ہم 34 ہزار ووٹ سے جیت چکے ہیں اگر الیکشن کمیشن ری پولنگ کا حکم دیتا ہے ہم اس کے لئے بھی تیار ہیں ۔ رہنما ایم کیو ایم فیصل سبزواری نے کہا کہ وزیر خزانہ کے ہوتے ہوئے ہم نے نئے بجٹ میں مردم شماری کا بجٹ رکھنے کی درخواست کی ، مشترکا مفادات کونسل میں جب اس پر بات ہو تو وزات خزانہ کی جانب سے بھی کوئی رکاوٹ نہ آئے ، بلدیاتی انتخابات اور مردم شماری دو الگ الگ معاملات ہیں ، ہم نے اپنا موقف وفاقی حکومت کے سامنے رکھا اگر مطالبات نہیں مانے گئے تو ایم کیو ایم یقیناًعوام کے پاس جائے گی ، الیکشن کمیشن نے حلیم عادل شیخ کو حلقے سے نکالنے کا حکم دیا ، پچھلے مقدمات پر انتخاب والے دن گرفتاری قابل قبول نہیں ۔وائس چانسلر یو ایچ ایس ڈاکٹر جاوید اکرم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کسی بھی نئی چیز کی ایجاد پر منفی اور مثبت دونوں آرا سامنے آنے لگتی ہے ، بد قسمتی سے سوشل میڈیا بہت کارآمد ہونے کے باوجود منفی خیالات کو تیزی سے پھیلاتا ہے ، کورونا ویکسین سے متعلق تمام منفی افواہیں بے بنیاد ہیں ، ویکسین کے بعد ہلکا بخار ہوتا ہے جو ایک ٹیبلٹ سے ٹھیک ہو جاتا ہے ، 90 فیصد ڈاکٹرز اور ہیلتھ ورکرز کورونا ویکسین لگوانے کو تیار ہیں ، 18 سال سے بڑے ہر شہری کو جب بھی ویکسین میسر ہولگوالینی چاہیے ۔بانی اینیمل شیلٹر ہوم صوفشاں انوشے نے کہا کہ بچپن سے پالتو جانوروں سے بہت لگاؤ تھا لیکن اپنے پالتو کتے کی کی کے موت کے بعد جانوروں کے شیلٹر کا خیال آیا ، جانوروں کے پاس اپنی آواز نہیں ہوتی ہمیں ان کی آواز بننا چاہیے۔