3 لاکھ ٹن چینی کی درآمد پر ڈیوٹی ٹیکس کم، ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان فائدہ اٹھا سکے گی

February 24, 2021

اسلام آباد( حنیف خالد) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے3 لاکھ ٹن چینی کی درآمد پر ڈیوٹی ٹیکس کم کر دیئے ہیں اس کا فائدہ صرف ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان اٹھا سکے گی پرائیویٹ سیکٹر اس سے فائدہ حاصل کرنے کا مجاز نہیں ہوگا۔ سیلز ٹیکس کی شرح17فیصد سے کم کر کے ایک فیصد اور انکم ٹیکس کی شرح 0.25 فیصد صرف ٹی سی پی کیلئے ہوگی،اوپن مارکیٹ میں چینی کے ایکس مل ریٹ23 فروری منگل کو87 روپے فی کلو رہے جبکہ یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن نے بڑے گروپ سے92 روپے کلو چینی خریدنے کا سودا کیا۔ جنوبی پنجاب اور سندھ سے چینی کی ڈلیوری لیکر یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن نے اپنے ویئر ہائوسز میں پہنچانا شروع کر دی ہے جس پر5 روپے کلو سے زیادہ لاگت نہیں آئے گی۔ شوگر ملز گروپ نے یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کو 5 روپے کلو مہنگی 50 ہزار ٹن چینی فروخت کی ہے جبکہ چینی کے ایکس مل ریٹ سندھ جنوبی پنجاب وسطی پنجاب خیبرپختونخوا میں 85 سے 87 روپے کلو ہیں۔یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کا 5 روپے فی کلو مہنگی چینی خرید لینا بہت سے سوال اٹھا رہا ہے وہ بھی اس وقت جب حکومت نے3 لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کے فیصلے کا اعلان بھی کر دیا ہے۔ اس سودے میں مہنگی چینی بیچنے والوں کو کروڑوں اربوں روپے کا فائدہ پہنچے گا۔