حسین نواز کا براڈشیٹ اور ڈیوڈ روز اسکینڈل سے متعلق کمیشن کے قیام کا مطالبہ

February 27, 2021

لندن (سعید نیازی) حسین نواز نے براڈشیٹ اور ڈیوڈ روز اسکینڈل سے متعلق کمیشن کے قیام کا مطالبہ کردیا ہے۔ جاری ویڈیو بیان میں ان کا کہنا تھا کہ براڈشیٹ نے شریف خاندان کو قانونی اخراجات کی مد میں 20ہزار پائونڈز کی ادائیگی کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق، سابق وزیراعظم نواز شریف کے بڑے بیٹے حسین نواز نے براڈشیٹ اور ڈیوڈ روز اسکینڈل سے متعلق آزاد کمیشن کے قیام کا مطالبہ کیا ہے تاکہ رشوت سے متعلق الزامات کی تحقیقات کی جاسکے۔ کاوی موسوی نے ڈیلی میل کے رپورٹر ڈیوڈ روز پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے پاکستانی حکومت سے اپنے تعلقات استعمال کرتے ہوئے 3 کروڑ ڈالرز کی ڈیل کروانے کے لیے ڈھائی لاکھ پائونڈز کمیشن کے عیوض معاہدہ کیا تھا۔ جس کے بعد ڈیوڈ روز نے شہزاد اکبر سے کاوی موسوی کی ملاقات 19 اکتوبر، 2019 کو لندن میں طے کی تھی۔ڈیلی میل کے رپورٹر نے بھی اس ملاقات میں سہولت کاری کی تصدیق کی تھی لیکن ان کا کہنا تھا کہ کاوی موسوی نے انہیں ڈھائی لاکھ پائونڈز کی پیش کش کی تھی مگر انہوں نے زبانی اسے مسترد کردیا تھا۔