مکان کا نقشہ تیار کرنے والے سوفٹ ویئرز

February 28, 2021

مکان کی تعمیر سے پہلے ذہن میں محض اس کا خاکہ ہی موجود ہوتاہے، مگر اس خاکے کو عملی جامہ پہنانا آسان کام نہیں۔ ہر شخص کے اپنے ذاتی مکان کی تعمیر کے حوالے سے کچھ انفرادی توقعات اور عزائم ہوتے ہیں۔ مکان کی نقشہ سازی کا عمل بہت توجہ طلب اور قدرے مشکل ہوتا ہے کیونکہ یہی وہ حتمی مرحلہ ہے جس سے کسی کے خوابوں کو حقیقی روپ میںڈھالا جاسکتا ہے۔ نقشہ سازی کے دوران کسی بھی قسم کی کوتاہی یا لاپرواہی نقصان کا باعث بن سکتی ہے۔

نقشہ سازی کے لیے عموماً معمار (آرکیٹیکٹ) کی خدمات حاصل کی جاتی ہیں لیکن اگر آپ بجٹ کے مسائل یا پھر اپنی دلچسپی کی وجہ سے خود ہی مکان کی نقشہ سازی کرنا چاہتے ہیں تو دورِ جدید میں اس کے لیے بھی کئی سوفٹ ویئرز متعار ف کروائے جاچکے ہیں۔ ان میں مکان کی پیمائش، جسامت، رقبہ ، حجم، لمبائی اور چوڑائی وغیرہ ڈال کر 3D جائزہ لیا جاسکتا ہے۔ قارئین کی سہولت کے لیے ہم ذیل میںنقشہ سازی کے چند سوفٹ ویئرز کا ذکر کررہے ہیں۔

فلور پلانر

یہ آسانی سے استعمال کیے جانے والے ڈرائنگ ٹولز فراہم کرتا ہے تاکہ کم وقت میں درست نقشہ سازی کی جاسکے۔ اس میں دیواریں اور کمرے بناکر انہیں مقررہ سائز کے مطابق کیا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ دیگر عناصر کو بھی خود سے ڈیزائن کرنے کی بھی سہولت فراہم کی گئی ہے مثلاً دروازے، کھڑکیاں وغیرہ۔

فلور پلانر خود بخود درست پیمانے پر ہوتا ہے اور یہ دیواروں اور کمروں کو آپس میں مربوط رکھتا ہے تاکہ آپ تجربات کرسکیں اور غلطیوں کو بھی آسانی سے درست کیا جاسکے۔ اس سوفٹ ویئر میںدرست پیمانے کی 15ہزار سے زائد 3Dاشیا فراہم کی گئی ہیں، تاکہ آپ نقشہ سازی میںان کا استعمال کرکے حقیقی اندازہ کرسکیں۔ آپ اپنے تیار کردہ نقشے کو بآسانی 3Dمیں دیکھ سکتے ہیں۔

پلانر 5D

یہ سافٹ ویئر گھر کی نقشہ سازی میں آپ کی مکمل رہنمائی کرسکتا ہے۔ یہ صرف کمپیوٹر پر چلنے والا سوفٹ ویئر ہی نہیں ہے بلکہ موبائل ایپلی کیشن کی صورت میں اسمارٹ فونز پر بھی دستیاب ہے۔ اس کی مدد سے خوبصورت انداز میں فرش کی اسٹائلنگ اور انٹیریئر ڈیزائننگ کی جاسکتی ہے۔

اس کی گیلری میں خوبصورت ڈیزائن اور فرنیچر فراہم کیے گئے ہیں جنہیں آپ نقشہ سازی کے دوران استعمال کرسکتے ہیں۔ اس میںڈیزائن کردہ خاکے کو اپنے گھروالوںاور دوستوں کے ساتھ شیئر کر کے ان کی رائے اور تجاویز معلوم کرنے کی سہولت بھی دی گئی ہے۔

روم اسکیچر

یہ آن لائن یا آف لائن رہتے ہوئے نقشہ سازی اور گھرکے ڈیزائن کا حل فراہم کرتا ہے۔ اس میںپیشہ ورانہ اور انفرادی طور پر کام کرنے والوں کے لیے زبردست فیچرز موجود ہیں۔ اس اعلیٰدرجے کے سوفٹ ویئر کی مدد سے نقشے کی تیاری اور آرائش و سجاوٹ کی جاسکتی ہے، جس سے آپ اپنے ڈیزائن کو متاثر کن 3D تصور میںدیکھنے کے قابل ہوں گے۔

یہ سافٹ ویئر فری دستیاب ہے، جس میں نقشہ سازی کرکے آپ اسے ہائی ریزولوشن 2Dاور 3D میں پرنٹ یا ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔ آپ اپنے ڈیزائن کے 360ویوز، خوبصورت 3Dتصاویر اور انٹرایکٹو 3D فلور پلانز بھی تشکیل دے سکتے ہیں۔

اسمارٹ ہوم ڈیزائن

یہ سافٹ ویئر ڈیزائننگ سے تعلق رکھنے والے پیشہ ور افراد اور سیکھنے والوںکے لیے بہت اچھا ہے۔ اس کے ذریعے کسی بھی قسم کا اسمارٹ ہوم بنانے کے لیے آپ کا معمار ہونا ضروری نہیں۔ اس سوفٹ ویئر میں بہت سے کارآمد ٹولز مہیا کیے گئے ہیں، جیسے کہ نقشہ سازی کیسے کی جائے اور اس کی اسکیلنگ کیسے کرنی ہے۔ اس کے علاوہ سوفٹ ویئر میںدیگر مشورے اور نمونے بھی دیے گئے ہیں۔

یہ آپ کو اسمارٹ ہاؤس پلان بنانے، فکسچرز، الارم، دروازے ، کھڑکیاں اور یہاں تک کہ فرنیچر کو شامل کرنے میں بھی مدد دیتا ہے۔ ساتھ ہی اسمارٹ الائنمنٹ ٹولز کے ذریعے ہر چیز کو تیزی سے ترتیب میں لایا جاسکتا ہے۔ نیز، یہ سافٹ ویئر فرش، کاؤنٹرز اور دیواروں کے لیے خوبصورت رنگ اور بناوٹ بھی مہیا کرتا ہے۔

اسکیچ اَپ

3Dنقشہ سازی کے لیے اسکیچ اَپ ایک معروف سافٹ ویئر ہے، جس کا مفت ورژن SketchUp Make کے نام سے دستیاب ہے۔ بنیادی طور پر یہ سوفٹ ویئر ڈرافٹنگ اور ماڈلنگ کے لیے بنایا گیا ہے۔ اسے تعمیراتی ڈیزائن کے عمل کے کسی بھی مرحلے میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اسکیچ اَپ کا استعمال بہت آسان ہے اور اس کی مدد سے عمارتوں، آلات اور فرنیچر وغیرہ کے اسکیچز بہت کم وقت میں تیار کیے جا سکتے ہیں۔

اس میںکئی ٹولز فراہم کیے گئے ہیں جن میں سے ایک Push/Pullٹول بھی ہے، جس کی مد سے 2Dشے (Object)کو 3D شکل دی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ Orbitٹول کو استعمال کرتے ہوئے آپ بنائے گئے اسکیچز کو مختلف زاویوں سے دیکھ سکتے ہیں۔

ہوم اسٹائلر

یہ ویب سائٹ ایک سوفٹ ویئر کی طرح آپ کو اپنی مرضی کے مطابق نقشہ سازی کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ اس کے ذریعے 3D ماحول میںمکان ڈیزائن کیا جاسکتا ہے۔ ہوم اسٹائلر میںتیار کردہ ڈیزائن کا پرنٹ نکالنے کی بھی سہولت ہے۔ استعمال کرنے میں آسان یہ ویب سائٹ مکان بنانے کے مختلف اسٹائلز کا پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے۔ اس میں پیمائش، کمروں کی حد بندی اور لے آئوٹ وغیرہ کے لیے ٹولز موجود ہیں۔

نقشے کی تیاری کے بعد اس کو مختلف زاویوں سے دیکھا جاسکتا ہے اور آپ اگر کوئی ترمیم کرنا چاہیں تووہ بھی بآسانی کی جاسکتی ہے۔ اس میں پروجیکٹ ٹیمپلٹ بھی دیکھی جاسکتی ہے ، جس سے سوچ بچار کرنے میں آسانی ہوتی ہے۔