”سینیٹ انتخابات“کی لمحہ بہ لمحہ رپورٹنگ اور بدلتی صورتحال، ”جیو نیوز“ کی تمام دن خصوصی نشریات

March 03, 2021

کراچی (جنگ نیوز) سینیٹ الیکشن کا سب سے بڑا معرکہ بدھ کو شروع ہوگا۔ سینیٹ انتخابات 2021؁ء کے حوالے سے بدھ کو تمام دِن ”جیونیوز“ پر خصوصی نشریات پیش کی جائیں گی۔ پارلیمان کا سب سے بڑا ایوان ”ایوان بالا“ جہاں نمبرز گیم کی بازی ہوگی اور دیکھنا ہوگا کہ اس بار سینیٹ کس کا ہوگا؟۔ ہارس ٹریڈنگ ہوگی، پیسہ چلے گا یا کوئی کسی کی سیٹ چُرائے گا یا پھر جس پارٹی کی جتنی سیٹیں ہیں اُسے ہی مل جائیں گی۔کیا ایوان زیریں کی حکمراں جماعت ایوان بالا میں اپنا کنٹرول لے پائے گی یا پھر اِس بار اپوزیشن اپنا راج بنائے گی؟۔ سینیٹ انتخابات کے حوالے اپوزیشن اور حکومت دونوں متحرک ہیں لیکن دیکھنا یہ بھی ہے کہ اس بار حکومت یا اپوزیشن میں سے کس پلڑا بھاری ہوگا۔ ملک میں جاری سیاسی گرما گرمی، نمائندوں کی جوڑ توڑ، پارٹی وفاداریوں سے خفیہ رائے شماری تک ہر خبر، اپڈیٹ، تجزیئے اور تبصرے تمام دِن ایک بار پھر پاکستان کے سب سے بڑے نیوز چینل ”جیونیوز“ پر سب سے بڑی اور معتبر ٹیم کے ساتھ نشر کئے جائیں گے۔