ایسی کوئی حکومت نہیں گزری جس میں حفیظ شیخ نہ ہوں: اکرم درانی

March 03, 2021

خیبر پختون خوا اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف اور جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما اکرم خان درانی کہتے ہیں کہ حفیظ شیخ آئی ایم ایف کے ملازم ہیں، ایسی کوئی حکومت نہیں گزری جس میں حفیظ شیخ نہ ہوں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خیبر پختون خوا اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف اور جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما اکرم خان درانی نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی نے عوام کی خدمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاج آفریدی نے مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ تصویر کھینچ کر حکومت کو کہہ دیا کہ میں ان کے ساتھ جا رہا ہوں۔

خیبر پختون خوا اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیرِاعلیٰ خیبر پختون خوا سینیٹ انتخابات میں بے اختیار ہیں، صرف آرڈیننس کے ذریعے ملک کو چلایا جا رہا ہے۔