ہیروئن سمگلنگ کا الزام ، دونوں ملزم شک کے فائدہ میں بری

March 04, 2021

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) انسداد منشیات کی خصوصی عدالت راولپنڈی کے جج سہیل ناصر نے دس کلو ہیروئن بیرون ملک بھجوانے کے الزام میں گرفتار دونوں ملزمان کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کر دیا، اے این ایف کی رپورٹ کے مطابق مخبر کی اطلاع پر 28اکتوبر 2019کو شب سوا ایک بجے انسپکٹر اللہ بخش کی قیادت میں رائل ایئرپورٹ سروس کارگو شیڈ پہنچ کر عدیل انور نمائندہ کارگو اور توصیف ساجد کو حراست میں لیا جنہوں نے ایک کلیئر شدہ پارسل کو تبدیل کر کے اس کی جگہ دوسرا پارسل نمبر 56رکھ دیا تھا جسے رانا طارق نامی شخص نے بک کروایا تھا، اس کارٹن سے دس کلو 800گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔گزشتہ روز عدالت نے دونوں گرفتار ملزمان کو بری کرتے ہوئے اپنے فیصلے میں لکھا کہ دوران سماعت استغاثہ نے ایک ویڈیو ریکارڈنگ پیش کی جس میں بے شمار شکوک وشبہات پائے گئے۔عدالت نے کہا کہ استغاثہ کے مطابق توصیف ساجد ملزم نے علاقہ مجسٹریٹ کے روبرو اپنا اقبالی بیان قلمبند کروایا لیکن عدالت کے مطابق اس اقبالی بیان میں قانونی نقائص تھے اور حیران کن بات یہ تھی کہ اس اقبالی بیان کے مطابق کارٹن سے چرس برآمد ہوئی تھی لہٰذا ان حالات میں ملزمان کو صرف رہائی ہی مل سکتی ہے۔