حکومت کی غلط پالیسیوں سے عوام کو مہنگائی و بے روزگاری سامنا ہے،سکندر شیرپائو

March 04, 2021

پشاور ( نمائندہ خصوصی ) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائونے پختونوں کی مشکلات اور مسائل کے حل کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ان کو مہنگائی و بے روزگاری اور پسماندگی کا سامنا ہے جبکہ گزشتہ انتخابات میں ان کو تبدیلی کے سبز باغ دکھا کر ان سے ووٹ بٹورے گئے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے وطن کور پشاور میں پی ٹی آئی ضلع مردان کے عہدیداروں اور کردہ کارکنوں ملک واجد خان اعوان،ملک ساجد خان اعوان،ملک عرش اللہ خان اعوان،ملک فواد خان،ملک ریاض خان،حامد خان اعوان،سعادت خان،ذیشان خان،عطا اللہ،نوید خان،نورالحق،حاجی میر افضل خان،جان خان، وحیداللہ،عبدالرزاق خان،شہاب خان، ذوالقدر ،حسنین ریاض،نیاز محمد اور حاجی گل بہادرکی ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں نے پارٹی قائد آفتاب احمد خان شیرپائو کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے عوام کو دھوکہ دے کر اقتدار حاصل کیا،تبدیلی اور روزگار کی فراہمی کے وعدے ہوا ہوئے اور الٹا نوجواں کو شدید بے روزگاری میں دھکیل دیا گیا۔سکندر شیرپائو نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ نااہل حکمرانوں سے چھٹکارہ حاصل کرنے کیلئے مشترکہ جدوجہد کی جائے گی۔انھوں نے کہا کہ پختون خیبر پختونخوا جیسے زرخیز اور قدرتی وسائل بجلی ،گیس اور تیل سے مالا مال صوبہ میں محرومی کا شکار ہیں اور پی ٹی آئی نے اپنے تقریباً آٹھ سالہ دور اقتدار میں ان کے زخموں پر مرہم کی پٹی رکھنے تک کی کوشش نہیں کی۔پختونوں کے بنیادی مسائل حل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے ان پر کوئی توجہ نہیں دی جس کی وجہ سے وہ مایوسی کا شکار ہوکرپی ٹی آئی سے متنفر ہو چکے ہیں تاہم قومی وطن پارٹی پختونوں کو کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑے گی اور ان کے مسائل و مشکلات کو ختم کرنے کیلئے ہر محاذ پر موثر انداز میں جدوجہد کرے گی۔انھوں نے کہا کہ پارٹی کو جب بھی موقع ملا ہے تو اس نے پختونوں کی محرومی کے خاتمے کیلئے کردار ادا کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ ہمارے ساتھ باصلاحیت لیڈرشپ موجود ہیں اور وہ ہی پختونوں کو موجودہ بحرانوں سے نکال کر تعمیر و ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں لہٰذا تمام پختون متحد ہوکر پارٹی قائد کے ہاتھ مضبوط کرنے کیلئے اپنے حصے کا کردار ادا کرے۔اس موقع پر پارٹی کی صوبائی جائنٹ سیکرٹری تانیہ گل ایڈوکیٹ،ضلع مردان کے چیئرمین ملک مجیب الرحمان،جنرل سیکرٹری فاروق خان،سینئر وائس چیئرمین عنایت خان اور یوتھ ونگ ضلع مردان کے چیئرمین زین خان بھی موجود تھے۔