یقین ہے لوگوں کو آصف علی زرداری نے خریدا ہے، شیخ رشید

March 04, 2021

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مجھے پورا یقین ہے کہ سینیٹ انتخابات میں اسلام آباد کی جنرل نشست پر ووٹ کے لیے لوگوں کو سابق صدر آصف علی زرداری نے خریدا ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں میزبان شاہ زیب خانزادہ سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ دونوں پارٹیاں اپنے اپنے زاویے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کو دیکھ رہی ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ ن سے ش نکلنے کے لیے ماحول موجود ہے۔

سینیٹ انتخابات پر روشنی ڈالتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ لوگوں کو آصف زرداری نے خریدا ہے، مجھے پورا یقین ہے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کبھی اکٹھے الیکشن نہیں لڑیں گے۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں پیپلز پارٹی فائدہ اٹھا رہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ادارے ہر وقت متحرک ہوتے ہیں، سینیٹ الیکشن میں ادارے نیوٹرل رہے۔

شیخ رشید نے بتایا کہ رات کو آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات ہوئی۔

انھوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا فیصلہ ہے کہ لانگ مارچ سے پہلے پنجاب کی طرف جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ وزیراعظم بھی محفوظ ہیں اور عثمان بزدار بھی محفوظ ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میرا خیال نہیں تھا کہ اتنے زیادہ لوگ بک جائیں گے، زرداری نے کہا تھا کہ 20 اضافی ووٹ آنے تھے لیکن کم آئے، اس بات میں صداقت ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک سیٹ پر آصف زرداری نے پیسوں کا ٹوکرا اس طرح پھینکا کہ ہمیں شکست ہوگئی۔