میرے والد اور شوہر نے مجھے مضبوط عورت بنایا: گوہر خان

March 10, 2021

بھارتی رئیلٹی شو بگ باس کے ساتویں سیزن کی فاتح ماڈل اور اداکارہ گوہر خان نے اپنی مضبوطی کی وجہ والد اور شوہر کو قرار دے دیا۔

خواتین کے عالمی دن کے موقع پر گوہر خان نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنے شوہر اور مرحوم والد کے ہمراہ اپنی یادگار تصویر شیئر کی جو اداکارہ کی مہندی کی تقریب کے دوران لی گئی تھی۔


گوہر خان نے اس نایاب تصویر کے کیپشن میں لکھا کہ ’میری زندگی میں سب سے اہم آدمی میرے والد اور شوہر ہیں جنہوں نے مجھے ایک مضبوط عورت بنایا۔‘

بالی ووڈ اداکارہ نے لکھا کہ ’میں اپنے پاپا کی وجہ سے بات کرنے کے قابل بنی اور ایک کامیاب عورت بنی۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’اور میرے شوہر زید نے مجھے میری ہر خوبی اور خامی کے ساتھ قبول کیا اور مجھے زندگی کے ہر موڑ پر سپورٹ کیا۔‘

گوہر خان نے لکھا کہ ’میں اپنی زندگی کے ان مَردوں سے بہت زیادہ محبت کرتی ہوں۔‘

اُنہوں نے جذباتی ہوتے ہوئے لکھا کہ ’پاپا! میں آپ کو بہت زیادہ یاد کرتی ہوں۔‘

خیال رہے کہ حال ہی میں گوہر خان کے والد ظفر احمد خان شدید علالت کے بعد انتقال کر گئے تھے۔

واضح رہے کہ بالی ووڈ اداکارہ گوہر خان اور زید دربار سال 2020 میں جمعتہ المبارک کے موقع پر رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔

اس جوڑے نے بعد نمازِ جمعہ ممبئی میں رشتہ داروں اور قریبی دوستوں کی موجودگی میں نکاح کیا تھا۔