سینیٹ الیکشن: کیمرے لگانا خلاف آئین اقدام ہے، شاہد خاقان

March 12, 2021

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سینیٹ کی گزشتہ 24 گھنٹوں کی ویڈیو عوام کے سامنے لانے کا مطالبہ کردیا۔

میڈیا سے گفتگو میں شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ سابق چیئرمین سینیٹ اور وزیر اعظم عمران خان کیمرے لگانے میں ملوث ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی بدقسمتی ہے کہ احمد فراز کا بیٹا کیمروں کا دفاع کررہا ہے، پولنگ بوتھ سے آج 6 کیمرے برآمد ہوئے۔

ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ کیل کے اندر بھی کیمرے نصب کیے گئے، کیمرے کیوں لگائے گئے ہیں اس کا جواب دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ووٹ کی رازداری توڑنا آئین کی خلاف ورزی ہے، ہمیں بتایا جائے کہ سینیٹ الیکشن 2021ء میں کیمرے کس نے لگائے؟

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ آئین کا آرٹیکل 226 کہتا ہے الیکشن خفیہ ہوں گے، ووٹ کی سیکریسی کو توڑنا ملک کے آئین کی خلاف ورزی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم، سابق چیئرمین سینیٹ، اسٹاف، قومی اسمبلی کی سیکیورٹی کے لوگ آئین توڑنے میں ملوث ہیں۔