عالمی یومِ خواتین، یو این ڈی پی کا پنجاب میں ویبینار

March 13, 2021

اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) نے پنجاب کے پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز) کے تحت پاکستان میں خواتین کو بااختیار بنانے اور صنفی تفریق کے خاتمے کے حوالے سے ایک ویبینارمنعقد کیا۔

’خواتین کی معاشی خودمختاری کے ذریعے پاکستان میں صنفی تفریق میں کمی‘ کے عنوان سے عالمی یومِ خواتین کی مناسبت سے منعقدہ ویبینار کا مقصد پاکستان میں صنفی تفریق کے خاتمے کے حوالے سے اظہار خیال کرنا تھا۔

’مل کر پاکستان‘ کے اشتراک سے منعقد کیے گئے ویبینار کا مقصد پاکستان میں خواتین کے لیے خود مختاری کے حصول کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور صنفی تفریق جیسی رکاوٹوں پر قابو پانے کے لیے اقدامات اور پالیسیوں پر بات چیت کرنا تھا۔

ویبینار میں پنجاب کی قائمہ کمیٹی برائے جینڈر مین اسٹریمنگ کی چیئر پرسن عظمیٰ کاردار نے قائداعظم کا قول بیان کرتے ہوئے کہا کہ 50 فیصد سے زائد خواتین والے ملک کی ترقی میں یہ صنف اہم کردار ادا کرسکتی ہے، اگر ہم ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں جگہ بنانا چاہتے ہیں تو خواتین کو خودمختار بنانا ہوگا۔

ویبینار میں پنجاب کی قائمہ کمیٹی برائے جینڈر مین اسٹریمنگ کی چیئر پرسن عظمیٰ کاردار، سیکریٹری اسکول ایجوکیشن پنجاب سارہ اسلم، عمر اخلاق ملک، وقار احمد، سلمان صوفی و دیگر نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔