بزرگ افراد کورونا ویکسینیشن کو یقینی بنائیں، این سی او سی

March 15, 2021


نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے شرح اموات بزرگ افراد میں زیادہ ہے، بزرگ افراد کورونا وائرس ویکسینیشن کو یقینی بنائیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے منعقدہ اجلاس میں تمام صوبائی چیف سیکریٹریز نے ویڈیو لنک کے ذریعے این سی او سی کے اجلاس میں شرکت کی۔

این سی او سی کے اجلاس کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتی شرح پر تحفظات کا اظہار کیا گیا۔

این سی اوسی کی جانب سےکورونا وائرس کی روک تھام کے اقدامات پر صوبوں کی کاوشوں کو سراہا گیا جبکہکورونا وائرس ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کی ہدایات کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

این سی او سی کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق اسپتالوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کے داخلے کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے۔

این سی او سی کے مطابق عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں سیاحت کو بند کرنے پر غور کیا جائے گا۔

ایس سی او سی کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ ملک کی مجموعی شرح اموات میں پنجاب 55 فیصد پر ہے، ملک میں شرح اموات سب سے زیادہ پنجاب میں ہو رہی ہیں۔