کچن کی تعمیر کے بنیادی لوازمات

March 28, 2021

مکان کی تعمیر کے دوران جہاں اس کے دیگر حصوں کی تعمیر پر کافی دھیان دیا جاتا ہے وہیں کچن پر بھی خاص توجہ دی جاتی ہے۔ تمام سہولتوں سے آراستہ خوبصورت کچن ہر کسی کو لبھاتا ہے۔ کچن کا ڈیزائن، رنگوں کے امتزاج کا انتخاب، فرش، دیواروں کی ٹائلز، غرض سبھی کچھ مکینوںکے جمالیاتی ذوق کی نما ئندگی کرتا ہے۔

کچن کے لیے بھی روایتی رنگوںسے ہٹ کر شوخ رنگوںکا استعمال کیا جانے لگا ہے۔ کچن کی تخلیقی سجاوٹ کے لیے خوبصورت ٹائلز، شوخ و رنگین کیبنٹس، عمدہ فرش اور دلکش لائٹس کے ساتھ ساتھ باغبانی کے مختلف رجحانات کو اپنایا جاتا ہے۔ آج کے مضمون میں ہم کچن کی تعمیر کے حوالے سے بنیادی لوازمات پر ایک نظر ڈالیں گے۔

لے آؤٹ

کچن کی تعمیر اور تزئینِ نو کے وقت اس کے لے آؤٹ (خاکہ بندی) کو خوبصورت بنانے پر کافی دھیان دیا جاتا ہے۔ اس کے لیے کئی ڈیزائن موجود ہیں، جس میں سے گیلری نما کچن کا ٹرینڈ اب اتنا زیادہ مقبول نہیں ہے مگر ماہرین کے مطابق اس کی تعمیر کے کئی فوائد ہیں۔ اس کا لے آؤٹ کم جگہ پر دو دیواروں میں اسٹوریج اور دیگر چیزوں کے لیے زیادہ جگہ فراہم کرتا ہے۔ مشرق و مغرب میںیو شیپ کچن کا ڈیزائن یکساںمقبول ہے۔ اس لے آؤٹ کے تحت کاؤنٹر ٹاپ کو یوشیپ میں بنوایا جاتا ہے۔ اس میںتین زاویوں کے تحت منصوبہ بندی کی جاتی ہے۔

درمیان میں چولہا یا اوون رکھا جاتا ہے جبکہ دائیں اور بائیں طرف سنک اور ریفریجریٹر ہوتے ہیں۔ ایل شیپ کچن بھی کم وبیش یوشیپ کچن جیسا ہی ہوتا ہے۔ اس میں ایک ہی دیوار کاؤنٹر ٹاپ اور اسٹوریج کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ یہ شیپ چھوٹی فیملی کے لیے بہترین ثابت ہوتا ہے، جس میں کونے کی جگہ کو زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جاسکتا ہے۔

دورِجدید میں جزیرہ نما کچن (Island Kitchen) کا ٹرینڈ بے حد مقبولیت حاصل کررہا ہے۔ یہ ایسا لے آؤٹ ہے جو دیگر لے آؤٹ کے برعکس مکینوں کو کچن کی تعمیر اور تزئینِ نو کے لیے بے شمار ڈیزائن اور اسٹائل فراہم کرتا ہے۔ جزیرہ نما کچن کو عام طور پر گیلری اور ایل شیپ کچن کا مجموعہ کہا جاتا ہے۔

فرش کیلئے مواد

کچن کے فرش کی تعمیر کےحوالے سے بہت سوچ بچار کرنا پڑتی ہے کیونکہ گھر کے اس حصے میں بہت زیادہ آمدورفت رہتی ہے۔ لہٰذا اس کے فرش کا پائیدار ہونا بہت ضروری ہے۔ لکڑی مختلف ڈیزائن کے ٹیکسچر میں دستیاب ہوتی ہے اور اس سے بنے فرش کی صفائی بھی زیادہ مشکل نہیںہوتی۔ گہرے رنگ کی لکڑی کا انتخاب کچن کو کلاسک جبکہ ہلکے رنگ کی لکڑی جدید شکل دیتی ہے۔ تاہم، فطری خوبصورتی کے دلدادہ اور ٹیکسچر کو پسند کرنے والے افراد کچن کے فرش کے لیے قدرتی پتھر کا انتخاب پسند کرتے ہیں۔

اگر قدرتی پتھر سے بنے ہوئے فرش کا اچھی طرح خیال رکھا جائے تو یہ انتہائی دیرپا ثابت ہوتا ہے۔ کچن میں سرامک ٹائلز کا استعمال اسے منظم انداز بخشتا ہے۔ یہ مختلف ڈیزائن کے ٹیکسچر میں دستیاب ہوتے ہیں، جس کے باعث انہیں کچن کے فرش کے لیے استعمال کرنا پُرکشش انتخاب ہوسکتا ہے۔ کچن کے فرش کے لیے کنکریٹ استعمال کرنا ایک غیرروایتی انتخاب ہوتا ہے، تاہم جدید گھروں میں اس کا استعمال خوب جچتا ہے۔ کنکریٹ نمی کے خلاف مزاحمت رکھتا اور دیرپا ثابت ہوتا ہے۔

اس پر لکیریں یانشانات نہیں پڑتے اور یہ لکڑی کی طرح جلد خراب نہیں ہوتا۔ اس کے علاوہ وینائل ایک کثیرالمقاصد ٹائل ہے جوکہ پائیدار اور سستا ہوتا ہے۔ اچھے معیار اور ڈیزائن کا وینائل آپ کو قدرتی لکڑی کا احساس دیتا ہے۔ وینائل فلورنگ اور شیٹ، دونوں اقسام میں دستیاب ہے۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ کچن کا فرش سرامک ٹائل جیسا نظر آئے تو آپ اس سے یہ کام بھی لے سکتے ہیں۔ وینائل پر چلنے سے آوازبھی پیدا نہیں ہوتی اور یہ لکڑی، سرامک ٹائل، کنکریٹ یا قدرتی پتھر کے مقابلے میں قدرے نرم محسوس ہوتا ہے۔ لکڑی، سرامک ٹائلز اور قدرتی پتھر کا فرش بنوانے میں لاگت زیادہ آتی ہے جبکہ وینائل سے بنے فرش کی لاگت نسبتاً کم ہوتی ہے۔

دیواریں اور کاؤنٹر

کچن کی دیوار کے لیے بہت سی کٹائو، رنگوں اور اسٹائل والی ٹائلز دستیاب ہیں۔ ڈائیگونل ٹائلز مخروطی ڈیزائن والی ہوتی ہیں مگر اپنے ڈیزائن کی وجہ سے یہ قدرے مہنگی ہوتی ہیں۔ لیزر کٹ ٹائلز کا ڈیزائن اور پیٹرن پیچیدہ ہوتا ہے، جس کی وجہ سے انہیں لیزرکٹ ٹیکنالوجی کی مدد سے کاٹا جاتاہے اور یہ قدرے مہنگی ہوتی ہیں۔ سب وے ٹائل زیادہ تر سب وے اسٹیشنز میں استعمال ہوتی ہیں۔ یہ کلاسک اور صاف ستھر ا انداز دیتی ہیں۔

اس کے علاوہ بھی دیگر ڈیزائن جیسے کہ پینٹ والے، مخصوص شکل والے، مستطیل یا متوازی پٹیوں والے یاموزیک کی شکل میں دستیاب ہیں۔ دوسری جانب کچن ٹاپ یا کاؤنٹر کے لیے عموماً گرینائٹ اور ماربل کا استعمال کیا جاتا ہے۔ تاہم اگر ٹائلز لگائی جارہی ہیں توان کی کافی دیکھ بھال کرنی پڑتی ہے۔ اس کے علاوہ کنکریٹ بھی ایک اچھا انتخاب ہے کیونکہ یہ ایک سستی اور ہموار سطح بناتا ہے۔

باغبانی

گھر کے دیگر حصوں کی طرح اب کچن میںبھی پودے رکھنے کا رجحان زور پکڑتا جارہا ہے۔ یہاں عمودی باغبانی کےلیے کچن کی ایسی دیوار کو استعمال میں لایا جاسکتا ہے، جہاں دیوار کے ساتھ کم چیزیں رکھی ہوں جبکہ افقی باغبانی کےلیے کچن کاؤنٹر کی لمبائی کو استعمال کرتے ہوئے اس کے اطراف باغبانی کی جاسکتی ہے۔

اس کے علاوہ کارنر گارڈننگ پر بھی غور کیا جاسکتا ہے جس کے تحت گملوں اور پودوں کے لیے کچن کے کونوںمیںبنی کیبنٹس کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ کچن میں باغبانی کے لئےمٹی کے لٹکتے ہوئےگملوں کا انتخاب بھی کیا جاتا ہے، جن کو کاؤنٹر کے اوپر یا پھر شیلف کے نیچے لٹکایا جاسکتا ہے۔ کچن میں باغبانی کے ذریعے آپ اپنے سادہ سے کچن کو ماحول دوست کچن میں تبدیل کرسکتے ہیں۔