تبدیلی والوں نے پلٹ کر کراچی کو پوچھا بھی نہیں، حافظ نعیم

March 28, 2021

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے تبدیلی کے نعرے والوں نے پلٹ کر کراچی کو پوچھا بھی نہیں، شہر کی آبادی کو آدھا گنا گیا۔ پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم نے اسے تسلیم کرلیا، کوٹہ سسٹم کراچی کے نوجوانوں کے ساتھ ظلم ہے۔

جماعت اسلامی کے تحت ’حق دو کراچی کو‘ ریلی کا آغاز قائد آباد سے ہوا، ریلی کی قیادت امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کی۔

ریلی میں بسوں، کاروں اور موٹر سائیکلوں پر شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

حافظ نعیم الرحمان نے مختلف مقامات پر ریلی کے شرکاء سے خطاب میں مردم شماری کی کابینہ سے منظوری پر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور تحریک انصاف کو ہدف تنقید بنایا۔

ان کا کہنا تھا مردم شماری آدھی ظاہر کی گئی، کوٹہ سسٹم میں اضافہ کردیا گیا، کراچی والے پوچھتے ہیں وہ کہاں جائیں جہاں ان کی شنوائی ہو۔

حافظ نعیم کا کہنا تھا تبدیلی کے نعرے والوں نے پلٹ کر کراچی کو پوچھا بھی نہیں، وزیراعظم نے غیر آئینی اور غیر قانونی طور پر کوٹہ سسٹم کو توسیع دے کر کراچی کے جوانوں پر ظلم کیا ہے۔