بینڈ ٹوٹنے کے بعد’اسٹرنگز‘ کی الوداعی ملاقات

March 29, 2021

’اسٹرنگز‘ کے ٹوٹنے کے بعد بینڈ کے بانی ارکان بلال مقصود اور فیصل کپاڈیہ نے الوداعی ملاقات کی ہے۔

بلال مقصود نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر فیصل کپاڈیہ اور دیگر دوستوں کے ہمراہ ایک گروپ فوٹو شیئر کیا۔

تصویر شیئر کرتے ہوئے بلال مقصود نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’بینڈ کی الوداعی میٹنگ‘


یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر سرگرم اسٹرنگز کی جانب سے اچانک بینڈ کو ختم کرنے کا اعلان کیا گیا اور فیصل کپاڈیا، بلال مقصود، عدیل علی، حیدر علی، احمد نیانی اور بریڈلے ڈی سوزا پر مشتمل اس بینڈ کا 33 سالہ سفر تمام ہوا۔

یہ بینڈ 1980 کی دہائی کے اختتامی سال کے دوران وجود میں آیا اور کالج کے دنوں سے ہی اس نے دھوم مچائی۔

’سر کیے یہ پہاڑ‘ سے لے کر ’سجنی‘ تک اسٹرنگز نے پاکستان کی سرحد سے نکل کر اپنا نام دنیا کے کونے کونے میں بنایا جہاں ان کے مداحوں کے دلوں میں ان کے سُر سرائیت کرگئے۔

گلوکار و اداکار فرحان سعید نے معروف بینڈ اسٹرنگز کے ٹوٹنے پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بینڈ کے ٹوٹنے سے زیادہ مشکل کام کوئی اور نہیں ہوسکتا، اس کے پیچھے کئی وجوہات ہوں گی۔

دوسری جانب ’اسٹرنگز‘ کے خاتمے پر بینڈ کے بانی رکن اور معروف گٹارسٹ بلال مقصود کا کہنا تھا کہ وہ اور فیصل کپاڈیہ دونوں ہی بالکل عجیب محسوس کررہے ہیں۔