وزیراعظم عمران خان کا سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو خط

March 29, 2021


وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو خط لکھ دیا۔

وزیراعظم نے خط میں سعودی عرب کے’ گرین انیشی ایٹو‘ منصوبے پر خوشی کا اظہار کیا اور’ گرین مڈل ایسٹ انیشی ایٹو‘ کی تعریف کی۔

عمران خان نے کہا کہ منصوبے کے تحت سعودی عرب میں 10 ارب اور مشرق وسطیٰ میں 50 ارب درخت لگانے کا سن کر خوشی ہوئی۔

انہوں نے سعودی ولی عہد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا وژن ہمارے اپنے’ کلین اینڈ گرین پاکستان‘ اقدام سے مطابقت رکھتا ہے۔

وزیراعظم نے خط میں مزید کہا کہ ہمارا منصوبہ موسمیاتی تبدیلی کے مسئلہ سے نمٹنے کے لیے فطرتی بنیاد پر حل میں سرمایہ کاری ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ایک بلین درخت اگانے کے بعد ہمارے 10 بلین ٹری سونامی پر کام جاری ہے، 15 فیصد زمینی اور 10فیصد سمندری سطح پر پودے لگائیں گے۔

عمران خان نے خط میں عزم کا اظہار کیا کہ 2023 تک 10 ارب درخت لگانے کا منصوبہ ہے، جس سے ماحولیاتی سیاحت کو فروغ ملے گا اور ملازمتیں بھی پیدا ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ 2030 تک 60 فیصد توانائی کو کلین انرجی پر شفٹ کررہے ہیں، شمسی، ہوا اور پانی سے بجلی بنانے کی گنجائش بڑھارہے ہیں۔

وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کو لکھے خط میں کہا کہ ہم سعودی حکومت کے گرین منصوبے کی حمایت کرتے ہیں اور اُن کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔