گزشتہ حکومت نے ایس آر اوز کے ذریعے ٹیکس کا نظام تباہ کردیا، حماد اظہر

March 29, 2021

وفاقی وزیر حماد اظہر کا کہنا ہے کہ گزشتہ حکومت نے ایس آر اوز کے ذریعے ٹیکس کا نظام تباہ کردیا، ایس آر اوز کے ذریعے ہم ٹیکس کا نظام نہیں بدل رہے، حکومت نے کوئی غیر آئینی کام نہیں کیا۔

قومی اسمبلی میں اجلاس کے دوران اسد قیصر نے حماد اظہر کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آپ احسن اقبال کے سوال کا جواب دیں۔

وفاقی وزیر نے احسن اقبال کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جب یہ لوگ ہر ماہ ایس آر او نکالتے تھے تب آئين کی تشریح کہاں تھی؟۔

حماد اظہر نے کہا کہ ہم قانون اور آئین کے تحت کام کر رہے ہیں ایس آر او کے تحت نہیں، ہماری حکومت اداروں کے سربراہوں کے ہاتھ نہیں باندھتی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے روپے کو اوپر رکھنے کے لیے 20 ارب روپے جھونک دیے، گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے جھوٹ بولے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارےٹیکسوں پر تنقید وہ کررہے ہیں جو اپنے دور میں ایس آر او کے ذریعے ٹیکس لگاتے تھے۔