سائرہ پیٹر کے ہمراہ کرکٹر ظہیر عباس نے گانا گایا

April 05, 2021

سائرہ پیٹر اور عالمی شہرت یافتہ کرکٹر ظہیر عباس نے آواز کا جادو جگا کر محفل میں رنگ جما دیا، دونوں شخصیات نے سپر ہٹ سونگ ’او منڈیا سیالکوٹیا،‘ ’تیرے مکھڑے تے کالا کالا تل وے‘ گا کر سب کو خوشگوار حیرت میں ڈال دیا۔

لندن میں ایسٹر ڈے کے موقع پر منعقدہ محفل میں پاکستان کی پہلی اوپیرا سنگر سائرہ پیٹر اور عالمی شہرت یافتہ کرکٹر ظہیر عباس نے نور جہاں کی پوتی سونیا کی فرمائش پر ملکہ ترنم کا گایا ہوا فلم چن وے کا سپر ہٹ گیت۔ ’تیرے مکھڑے تے کالا کالا تل وے، ساڈاکَڈ کے لے گیا دل وے، او منڈیا سیالکوٹیا‘ گا کر محفل میں رنگ جما دیا۔

یہ پروگرام کورونا وائرس کی وجہ سے زوم کے ذریعے برطانیہ، بھارت، امریکا اور دیگر ممالک میں براہ راست دیکھا گیا۔

اس موقع پر کرکٹ کی دنیا میں رنز کی مشین کا خطاب رکھنے والے نامور کرکٹر ظہیر عباس کا کہنا تھا کہ جب سے ہم نے سائرہ پیٹر جی کو سنا ہے، ہم ان کی آواز کے دیوانے ہو گئے ہیں،یہ پوری تیاری کے ساتھ گاتی ہیں، اِنہیں مشرقی اور مغربی موسیقی میں کمال حاصل ہے۔

ظہیر عباس نے کہا کہ مجھے موسیقی کا جنون کی حد تک شوق ہے، جوانی میں مہدی حسن اور نور جہاں کے گانے بیت سنے، ایک محفل میں تو انہوں نے خاص طور پر میرے لیے یہ گیت گایا تھا، میں نے پہلی بار سائرہ پیٹر جی کے ساتھ کوئی گانا گایا ہے۔ تو دل خوش ہوگیا، اُن کا کہنا تھا کہ پرانی یادیں تازہ ہو گئیں ہیں۔

دوسری جانب سائرہ پیٹر کا کہنا تھا کہ دنیا کے اتنے بڑے کرکٹر ظہیر عباس کے ساتھ ان کی پسند کا گیت گانا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔

سائرہ پیٹر نے ویورز کی فرمائش پر بر صغیر پاک و ہند کے کئی مقبول گیت اپنی آواز میں پیش کیے اور داد حاصل کی، اس پروگرام میں غزل سنگر پردیپ اداس نے بھی مہدی حسن کے گائے ہوئے گیت پیش کیے۔