انتخابی اصلاحات، وزیراعظم عمران خان کا بیرسٹر علی ظفر کو اپوزیشن سے رابطے کا ٹاسک

April 06, 2021

وزیراعظم عمران خان نے انتخابی اصلاحات کے لیے پارلیمانی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق نامور قانون دان بیرسٹر علی ظفر سے ملاقات میں وزیراعظم نے انتخابی اصلاحات کے لیے انہیں اپوزیشن سمیت دیگر جماعتوں سے رابطے کا ٹاسک دے دیا۔

ذرائع کے مطابق انہوں نے ہدایت کی کہ انتخابی اصلاحات پر جنگی بنیادوں پر کام شروع کیا جائے۔


عمران خان نے علی ظفر سے گفتگو میں کہا کہ حالیہ سینیٹ انتخابات سے بہت کچھ سیکھا، انتخابات میں بدعنوانی اور پیسے کا استعمال روکیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ سینیٹ میں حکومت کی حکمت عملی بہت واضح ہے، ایوان بالا میں تمام پارٹیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومت کی کوشش ہے زیرالتوا قانون سازی جلد مکمل کی جائے۔