ہم استعفے دے بھی دیں تو ن لیگ نہیں دے گی، گیلانی

April 08, 2021

اسلام آباد (نمائندہ جنگ،مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوزایجنسیز ) سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی نےکہا ہےکہ ہم استعفے دے بھی دیں تو (ن) لیگ خود استعفے دینا نہیں چاہتی اور ملبہ صرف پیپلزپارٹی پر گرانا چاہتی ہے، پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینزکی مرکزی سیکرٹری اطلاعات شازیہ مری نے کہا ہے کہ لیگی قیادت مریم کی باتوں کو سنجیدہ نہیں لیتی، پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمٰن نے کہاہے کہ کسی کو جوابدہ نہیں، گفت و شنید چاہتے ہیں،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےیوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ ن لیگ صرف پیپلزپارٹی کو قصور وار ٹھہرانا چاہتی ہے، تمام معاملات کا جائزہ سی ای سی میں لیں گے اور اس کے بعد استعفے دے بھی دیں تو ن لیگ نہیں دیگی، پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینزکی مرکزی سیکرٹری اطلاعات شازیہ مری نے کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی کے نزدیک مریم نوازکے بیانات کی کوئی حیثیت نہ ہونا قابل تشویش ہے، پیپلزپارٹی اب تک مریم نوازکے فیصلوں اور بیانات کو سنجیدہ لیتی رہی ہے اگر مسلم لیگ(ن) کے نزدیک ہی مریم نواز کے بیانات اور فیصلوں کی کوئی حیثیت نہیں تو واضح کیا جائے انکی حیثیت آخر کیا ہے؟ انہوں نےکہاکہ مسلم لیگ(ن) نے جے یو آئی سے ملکر اپنے ذاتی مفادات کیلئے پی ڈی ایم میں پھوٹ ڈالی، مولانا فضل الرحمن کہہ چکے ہیں کہ اگر پی پی پی استعفے نہیں دیتی تو جے یو آئی اور ن لیگ ملکر استعفے دینگے،دونوں واضح کریں کہ وہ کب اسمبلیوں سے مستعفی ہو رہے ہیں۔