امیروں کی دولت میں 7617 کھرب روپے کا اضافہ، 493 نئے کھرب پتی، فوربز

April 08, 2021

امیروں کی دولت میں 7617 کھرب روپے کا اضافہ، 493 نئے کھرب پتی، فوربز

کراچی ( رفیق مانگٹ) دنیا اس وقت کووڈ 19کی وجہ سے مشکلات میں ہے۔کاروباری سرگرمیوںپر پابندیوں کی وجہ معیشت زوال کا شکار ہے، لیکن امریکی بزنس جریدے فوربز نے اپنی 35ویںسالانہ کھرب پتیوں کی فہرست جاری کرکے آنکھیں کھول دیںکہ جہاں غریب روٹی کو ترس رہے ہیں وہاں کھرب پتیوں کی تجوریاں پھیلتی گئی اور وبا کے دوران ان کی دولت میں7617کھرب روپے( پانچ ٹریلین ڈالر) کا اضافہ ہوا۔اور اسی عرصے میںاس فہرست میں493 نئے کھرب پتی شامل ہوئے۔

یعنی ہر سترہ گھنٹے بعد ایک کھرب پتی اس فہرست میں شامل ہوا۔ 210 نئے کھرب پتی افرادکا تعلق چین اور ہانگ کانگ سے ہے جبکہ 98امریکی ہیں۔2021کی فہرست میں دنیا کے امیر ترین افراد کی تعداد2755 رہی جن کی مجموعی دولت19957کھرب روپے (13عشاریہ ایک ٹریلین ڈالر) رہی ،گزشتہ برس 2020میں کھرب پتیوں کی تعداد2095تھی اور ان کی مجموعی دولت12188کھرب روپے (8ٹریلین ڈالر) تھی۔ 724کے ساتھ امریکا سب سے زیادہ کھرب پتیوں کی سرزمین ہے۔

چین 626 کے ساتھ اور بھارت 140کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے، 136کے ساتھ جرمنی چوتھے اور 117کے ساتھ روس پانچویںنمبرپر ہے۔ دنیا کے پہلے دس امیر ترین افرادکی دولت 1752کھرب روپے( ایک عشاریہ پندرہ ٹریلین ڈالر) ہے جو گزشتہ برس کے مقابلے میں دو تہائی زیادہ ہے گزشتہ برس انکی دولت1045کھرب روپے(686 ارب ڈالر) تھی۔

یورپی ارب پتی ایک سال قبل کے مقابلے میں ایک ٹریلین ڈالر اثاثوں کے ساتھ مزیدامیر ہوگئے۔فوربز فہرست میں ریکارڈ1975ارب پتی سیلف میڈ ہے۔ جب کہ گزشتہ برس یہ تعداد 1457تھی۔

فوربز کی کھرب پتیوں کی فہرست میں 106کی عمر چالیس سال سے کم ہے دنیا کا سب کم عمرسیلف میڈ امیر ترین شخص26سالہ امریکی آسٹن رسل ہے جو دو عشاریہ چار ارب ڈالر اثاثوںکے ساتھ فوربز فہرست میں1299نمبر پر ہے۔ جب کہ وراثت سے ملی دولت سے کم عمر امیر شخص18سالہ کیون ڈیوڈ لیمن ہے جس کا تعلق جرمنی سے ہے۔وہ تین عشاریہ تین ارب ڈالرکے ساتھ فہرست میں925نمبرپرہے۔

دنیا کا معمر ترین امیر شخص99سالہ امریکی انشورنش ٹائیکون جارج جوزف ہے۔ایشیا کا امیرترین شخص بھارت کے مکیشن امبانی ہیں۔وسط مارچ2020سے 23ارب پتی انتقال کرگئے۔

فوربز کے مطابق کھرب پتیوں کی سالانہ فہرست کے تحت امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایمیزون کے بانی جیف بیزوس مسلسل چوتھے سال بھی پہلے نمبر پر ہیں۔ ان کے اثاثوں کی مالیت 177ارب ڈالرز ہے۔

الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا کے چیف ایگزیکٹو ا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک 151 ارب ڈالرز کے ساتھ دوسرے نمبر ہے گزشتہ برس وہ 31 ویں نمبر پر تھے۔